بنگال الیکشن: ’بی جے پی نے انتخابی منشور میں اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا‘
سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال کے انتخابی منشور میں یہ کہہ کر اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا ہے کہ حکومت بننے کے پہلے دن بی جے پی ’سی اے اے‘ نافذ کرے گی۔
سابق مرکزی وزیر داخلہ اور کانگریس کے سرکردہ لیڈر پی چدمبرم نے پیر کے روز بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے مغربی بنگال کے انتخابی منشور میں اپنا اصلی چہرہ ظاہر کر دیا ہے۔ سابق وزیر نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے جس طرح سے انتخابی منشور میں کہا ہے کہ حکومت بننے کے پہلے دن شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) نافذ کیا جائے گا، اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کی منشا کیا ہے۔
پی چدمبرم نے کہا کہ ’’سی اے اے ملک کو تقسیم کرے گا، مسلمانوں کے خلاف تفریق پیدا کرے گا اور لاکھوں ہندوستانیوں کو ان کی شہریت کے حق سے محروم کرے گا۔ ارادہ ڈرانے، دھمکانے اور لاکھوں غریبوں و قانون پر عمل کرنے والے شہریوں، خصوصاً مسلمانوں کے ذہن میں ڈر پیدا کرنے کا ہے، کہ انھیں ڈٹینشن کیمپ میں بھیج دیا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : جالندھر میں ماسک نہ لگانے پر 1890 افراد کا کیا گیا کووڈ ٹیسٹ
پی چدمبرم نے اپیل کی کہ آسام اور بنگال کے لوگوں کو بی جے پی اور اس کے ’زہریلے ایجنڈے‘ کو ہرانے کے لیے نتیجہ خیز طریقے سے ووٹنگ کرنی چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آتے ہیں تو اپنی پہلی کابینہ میٹنگ میں سی اے اے کو نافذ کریں گے۔ امت شاہ نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہم نے اپنے انتخابی منشور کو ’سنکلپ پتر‘ کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ صرف ایک انتخابی منشور نہیں ہے، بلکہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے ذریعہ مغربی بنگال کے لیے ایک سنکلپ پتر ہے۔ اور بی جے پی کے انتخابی منشور کے مرکز میں ’سونار بانگلا‘ ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔