بی جے پی کی پالیسی نہ تو کشمیریت کا احترام کرتی ہے اور نہ ہی جمہوریت کو برقرار رکھتی ہے: ملکارجن کھڑگے

وادی میں نوجوانوں کی نوکری میں کمی اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر بھی کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹائے جانے کے 5 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ "جموں و کشمیر اور لداخ پر بی جے پی کی پالیسی نہ تو کمیشیریت کا احترام کرتی ہے اور نہ ہی جمہوریت کو برقرار رکھتی ہے۔" انہوں نے وادی میں نوجوانوں کی نوکری میں کمی اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کو لے کر بھی مودی حکومت کی سخت تنقید کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ملکارجن کھڑگے نے لکھا ہے کہ ''مودی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس قدم سے (دفعہ 370 ہٹانے) جموں و کشمیر کو مکمل طور سے ضم کرنے، علاقے کی اقتصادی ترقی میں پیش رفت کرنے اور دہشت گردی و علیحدگی پسندی کو روکنے میں مدد ملے گی، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ''گزشتہ کچھ برسوں میں کشمیری پنڈتوں کی ٹارگیٹ کِلنگ عام سی بات ہوگئی ہے۔ جموں اور کشمیر میں 2019 سے 65 فیصد سرکاری عہدے خالی ہیں۔ جموں اور کشمیر میں بے روزگاری شرح 10 فیصد ہے۔ ریاست میں نوجوانوں کی بے روزگاری شرح 18.3 فیصد ہے جو باعث تشویش ہے۔''


کھڑگے نے مودی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2021 میں نئی صنعتی پالیسی کے باوجود صرف 3 فیصد سرمایہ کاری ہی زمین پر اتر پائی ہے۔ وزیراعظم خصوصی پیکیج 2015 کے تحت 40 فیصد منصوبے زیر التوا ہیں۔ جموں اور کشمیر این ایس ڈی پی شرح نمو 13.28 فیصد (اپریل 2015 سے مارچ 2019) سے کم ہوکر 2019  کے بعد 8.73 فیصد رہ گئی ہے۔ کانگریس صدر نے ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کو لے کر مطالبہ کیا کہ انتخابات سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر وقت کے مطابق کرائیں جائیں تاکہ لوگ اپنے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں، آئینی حقوق کی حفاظت کرسکیں اور بیوروکریسی  کے زیر انتظام ہونے کے نظام پر مکمل طور پر روک لگا سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔