بی جے پی کی ’جَن آشیرواد یاترا‘ کورونا کی تیسری لہر کو دعوت دے رہی: شیوسینا

ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ ’’بی جے پی کو تھوڑا صبر سے کام لینا چاہیے، جَن آشیرواد یاترا تیسری لہر کو دعوت دینے والا ہے، بی جے پی ایسا قصداً کر رہی ہے۔‘‘

شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
user

تنویر

ہندوستان میں کورونا پر کچھ حد تک قابو ضرور پا لیا گیا ہے، لیکن ملک بھر سے کئی ایسی تصویریں سامنے آتی رہتی ہیں جو کورونا کی تیسری لہر کو دعوت دیتی ہوئی دکھائی پڑتی ہے۔ اس درمیان شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بی جے پی کی ’جَن آشیرواد یاترا‘ کو تیسری لہر کو دعوت دینے والا ٹھہرایا ہے۔ بدھ کے روز انھوں نے ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کو تھوڑا صبر سے کام لینا چاہیے۔ جَن آشیرواد یاترا تیسری لہر کو دعوت دینے والا ہے۔ بی جے پی ایسا قصداً کر رہی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ کی توسیع کے بعد اس میں شامل بھارتی پوار، کپل پاٹل اور بھاگوت کراڈ اس ہفتہ کے شروع سے مہاراشٹر کے الگ الگ حصوں میں لوگوں سے رابطہ قائم کرنے اور حالیہ الیکشن میں بی جے پی کی جیت پر ان کا شکریہ ظاہر کرنے کے لیے ’جَن آشیرواد یاترا‘ کر رہے ہیں۔ اسی تعلق سے شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھیڑ لگانے والا کوئی بھی پروگرام اس وقت نہیں کیا جانا چاہیے۔


ایک میڈیا ادارہ کے ذریعہ کرائے گئے سروے میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ملک کے سرفہرست پانچ وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں شامل کیے جانے سے جڑے ایک سوال کے جواب میں سنجے راؤت نے کہا کہ ’’بی جے پی اوپینین پول کو خارج کرنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ اس فہرست میں بی جے پی کے ایک بھی وزیر اعلیٰ کا نام نہیں ہے۔‘‘ راؤت نے یہ سوال بھی کیا کہ یہ سوچنے والی بات ہے کہ آخر اس فہرست میں بی جے پی کے ایک بھی وزیر اعلیٰ کا نام کیوں نہیں ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔