بی جے پی ملک میں روس اور چین جیسی جمہوریت لانا چاہتی ہے: دگ وجے سنگھ

دگ وجے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے متعلق سوالات کے تناظر میں کہا کہ وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ روس اور چین کی طرح ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دگ وجے سنگھ، تصویر ٹوئٹر&nbsp;@Yogendra_INC</p></div>

دگ وجے سنگھ، تصویر ٹوئٹر@Yogendra_INC

user

یو این آئی

گوالیار: کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ڈگ وجے سنگھ نے آج مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر روس اور چین کی طرح ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔ دگ وجے سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے متعلق سوالات کے تناظر میں کہا کہ وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ روس اور چین کی طرح ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔ ان دونوں ممالک میں اپوزیشن کا کوئی لیڈر احتجاج کرتا ہے تو اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

سابق وزیراعلی نے راہل گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ انہوں نے ملکی مفاد میں سوالات کیے اور ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہیں بولنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دگ وجے سنگھ نے کہا کہ کانگریس اس سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ راہل گاندھی کے خلاف کی گئی کارروائی کے خلاف پارٹی پورے ملک میں احتجاج کر رہی ہے۔


کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ راہل گاندھی نے صرف یہ پوچھا ہے کہ ملک کے صنعتکار اڈانی کی کمپنیوں میں 20,000 کروڑ روپے کیسے آئے؟ انہوں نے کہا کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے حصص میں زبردست گراوٹ ہوئی اور سرمایہ کاروں کو بھاری رقم کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اڈانی کیس کی تحقیقات کے لیے جے پی سی (مشترکہ پارلیمانی کمیٹی) کی تشکیل کا مطالبہ کر رہی ہے، اس پر غور کیوں نہیں کیا جا رہا ہے۔

دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبے پر ملک میں پہلے جے پی سی تشکیل دی گئی ہے۔ بوفورس معاملے میں بھی ایسی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جے پی سی کی تشکیل کو قبول کرے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام اس کی پالیسیوں سے پریشان ہیں۔ ساگر ضلع میں بجلی کے بل کی وصولی سے متعلق معاملے کا ذکر کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ حکومت خواتین کو ایک ہزار روپے دینے کا شور مچا رہی ہے اور یہ واضح ہو گیا ہے کہ بجلی بل وصولی کے لیے خواتین کے ساتھ کیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔


ایک اور سوال کے جواب میں دگ وجے سنگھ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور وزیر اعلیٰ کمل ناتھ ہوں گے۔ دگ وجے سنگھ کل رات ٹرین سے یہاں پہنچے اور آج یہاں پارٹی سے متعلق مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ آج رات وہ یہاں سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔