بی جے پی صدر نڈّا نے کیا 'نئی ٹیم' کا اعلان، جنرل سکریٹری عہدہ سے رام مادھو کی چھٹی
جے پی نڈا نے او بی سی سیل کی ذمہ داری ڈاکٹر لکشمن کو، کسان سیل کی ذمہ داری چاہر کو، ایس سی سیل کی ذمہ داری لال کو، ایس ٹی سیل کی ذمہ داری سمیر اراؤں کو اور اقلیتی سیل کی ذمہ داری جمال الدین کو دی ہے۔
بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈّا نے پارٹی میں زبردست پھیر بدل کرتے ہوئے اپنی ایک نئی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے تقریباً 8 مہینے بعد انھوں نے تنظیمی سطح پر یہ پھیر بدل کی ہے اور کئی بڑے چہروں کی چھٹی کرتے ہوئے نئے لوگوں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ رام مادھو، پی مرلی دھر راؤ، انل جین اور سروج پانڈے کو جنرل سکریٹری کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے چہرے شامل کیے گئے ہیں۔ کرناٹک سے بی جے پی کے جواں سال رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ کو یوتھ بی جے پی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ گویا کہ پونم مہاجن سے یوتھ کی ذمہ داری چھین لی گئی ہے۔
جہاں تک بی جے پی کے جنرل سکریٹریز کا سوال ہے، تو ان میں بھوپیندر یادو، ارون سنگھ، کیلاش وجے ورگیہ، دشینت کمار گوتم، ڈی پرندیشوری، سی روی، ترون چگ اور دلیپ سیکیا کے نام شامل ہیں۔ ان میں سے 5 چہرے ایسے ہیں جو نئے ہیں اور بقیہ تین پہلے بھی جنرل سکریٹری عہدہ پر فائز تھے۔ بی ایل سنتوش پہلے کی طرح تنظیمی جنرل سکریٹری کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ بی جے پی کی نئی ٹیم میں یو پی کے راجیش اگروال کو خزانچی کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی جے پی نے اپنے قومی ترجمانوں کی تعداد کو بڑھا کر 23 کر دیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ انل بلونی کو پروموٹ کر کے چیف ترجمان بنایا گیا ہے، لیکن وہ ساتھ ہی پہلے کی طرح میڈیا انچارج کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ امت مالویہ پہلے کی طرح قومی آئی ٹی اور سوشل میڈیا سیل چیف کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ اس سے صاف ہے کہ گزشتہ دنوں سبرامنیم سوامی نے امت مالویہ کو ہٹانے کے لیے جو بی جے پی پر دباؤ بنایا تھا، اس کا کوئی اثر بی جے پی پر دیکھنے کو نہیں ملا۔
جے پی نڈّا نے اپنی نئی ٹیم میں او بی سی مورچہ کی ذمہ داری ڈاکٹر کے لکشمن کو سونپی ہے اور راج کمار چاہر کو کسان سیل کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اسی طرح لال سنگھ آریہ کو ایس سی سیل، سمیر اوراؤں کو ایس ٹی سیل اور جمال الدین صدیقی کو اقلیتی سیل کا چیف بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بی جے پی کی اس نئی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ "مجھے یقین ہے کہ آپ سبھی صدق دل سے اور پوری خود سپردگی کے ساتھ ہندوستان کے لوگوں کی خدمت کرنے کی ہماری پارٹی کی قابل فخر روایت کو بنائے رکھیں گے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔