ڈرگ معاملہ کی زد میں فلمی ستارے، دیپیکا، سارہ اور شردھا سے این سی بی کی پوچھ گچھ
سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سامنے آئے ڈرگ معاملہ نے بالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دیا ہے، انسداد منشیات بیورو نے دیپیکا پادوکون، شردھا کپور اور سارہ علی خان سے پوچھ گرچھ کی ہے، جبکہ کرن جوہر نے صفائی دی ہے
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ کے تار ڈرگ معاملہ سے جڑ جانے کے بعد بالی ووڈ میں ہلچل نظر آ رہی ہے اور کئی معروف فلی ہستوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ این سی بی کے حکم پر ہفتہ کے روز دیپیکا پادوکون، شردھا کپور اور سارہ علی خان نے پوچھ گچھ کا سامنا کیا۔
دیپیکا پادوکون ہفتہ کی صبح این سی بی (انسداد منشیات بیورو) کے سامنے پیش ہوئی اور ان سے تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ دیپیکا کے بعد شردھا کپور اور سارہ علی خان بھی این سی بی کے سامنے پیش ہوئیں اور ان سے بھی ڈرگ معاملہ کی پوچھ گچھ کی گئی۔
اس سے قبل جمعہ کے روز این سی بی نے دیپیکا کی ٹیلنٹ منیجر کرشمہ پرکاش سے پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کے علاوہ اداکارہ رکول پریت سنگھ سے بھی سوال جواب کیے گئے۔ کرشمہ ہفتہ کے روز پھر پوچھ گچھ کے لئے پہنچی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ این سی بی نے دیپیکا اور کرشمہ کو روبرو بیٹھا کر پوچھ گچھ کی ہے۔
دیپیکا واٹس ایپ چیٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد اس معاملہ کی زد میں آئی ہیں۔ 28 اکتوبر 2017 کی اس چیٹ میں دیپیکا پادوکون مبینہ طور پر کرشمہ سے نشیلی اشیا کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی ٹیلنٹ منیجر جیا ساہا کی واٹس ایپ چیٹ سے دیپیکا پادوکون اور شردھا کپور کے نام سامنے آئے ہیں۔
وہیں ریا چکرورتی جس معاملہ میں گرفتار ہیں، اس میں این سی بی نے جمعہ کے روز کشی تیج پرساد سے دیر رات تک پوچھ گچھ کی۔ اس سے پہلے این سی بی نے کشی تیج کے گھر کی تلاشی بھی لی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کشی تیج کا نام گرفتار شدہ منشیات فروش انکوش ارنیجا کے بیان کے بعد سامنے آیا۔ این سی بی کے ذرائع کے مطابق کشی تیج دھرما پروڈکشن سے وابستہ ہیں، جبکہ دھرما پروڈکشن کے مالک کرن جوہر نے صفائی دی ہے کہ وہ کشی تیج کو ذاتی طور پر نہیں جانتے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔