سشیل مودی کو ملا راجیہ سبھا ٹکٹ، بی جے پی نے چراغ پاسوان کو دیا جھٹکا
بی جے پی نے رام ولاس پاسوان کی راجیہ سبھا سیٹ پر سشیل کمار مودی کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس بار بہار میں این ڈی اے کی حکومت تو بنی لیکن سشیل مودی کو نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں دیا گیا تھا۔
بہار کی نئی این ڈی اے حکومت میں اس بار نائب وزیر اعلیٰ عہدہ بننے سے محروم رہے سشیل مودی کو بی جے پی نے راجیہ سبھا بھیجنے کی تیاری کی ہے۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال سے خالی ہوئی راجیہ سبھا سیٹ سے بی جے پی نے انھیں ٹکٹ دیا ہے۔ بہار اسمبلی میں بی جے پی کے پاس ضروری تعداد ہے، اسے دیکھتے ہوئے سشیل مودی کا منتخب ہونا طے مانا جا رہا ہے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے بتایا کہ ’’پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے بہار میں ہونے والے راجیہ سبھا ضمنی انتخاب کے لیے سشیل کمار مودی کے نام پر مہر لگائی ہے۔ بہار کی اس واحد راجیہ سبھا سیٹ کے لیے 3 دسمبر تک نامزدگی ہوگی۔ وہیں 14 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔‘‘
بی جے پی نے لوک جن شکتی پارٹی کو یہ سیٹ ایک سمجھوتے کے تحت دی تھی، لیکن اس بار چراغ پاسوان کو پارٹی نے جھٹکا دے دیا ہے۔ رام ولاس پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان نے بہار میں اس بار این ڈی اے سے الگ ہو کر انتخاب لڑا تھا جس کی وجہ سے بی جے پی نے اس بار اس سیٹ پر اپنا امیدوار پیش کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔