تلنگانہ: بی جے پی اراکین اسمبلی پورے سیشن کے لیے ملتوی
پیر کے روز بجٹ اجلاس شروع ہوتے ہی بی جے پی اراکین اسمبلی کو معطل کرنا پڑا، کیونکہ وہ وزیر مالیات ہریش راؤ کی بجٹ تقریر کو رخنہ انداز کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تلنگانہ میں اسمبلی اجلاس کے دوران پیر کے روز بی جے پی کے تینوں اراکین اسمبلی کو پورے اجلاس سے معطل کر دیا گیا۔ پیر کے روز ایوان کی کارروائی رخنہ انداز کرنے کے الزام میں انھیں ایوان سے معطل کیا گیا۔ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ، رگھونندن راؤ اور ایٹالا راجندر کو پورے اجلاس کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا۔
پیر کے روز بجٹ اجلاس شروع ہونے کے کچھ ہی منٹوں کے اندر بی جے پی اراکین اسمبلی کو معطل کر دیا گیا کیونکہ وہ وزیر مالیات ہریش راؤ کی بجٹ تقریر کو رخنہ انداز کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بھگوا پارٹی کے رکن اسمبلی گورنر کے روایتی خطاب کے بغیر بجٹ اجلاس شروع کرنے کے حکومت کے قدم کی مخالفت کر رہے تھے۔
کالا دوپٹہ اوڑھے اور نعرے بازی کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی ایوان کے ویل میں آ گئے۔ انھوں نے بجٹ تقریر کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔ انھوں نے اپنی سیٹوں پر واپس جانے کی اسپیکر کے ذریعہ بار بار اپیل پر بھی توجہ نہیں دی۔ اس کے بعد وزیر ٹی سرینواس یادو نے پروے اجلاس کے لیے ایوان سے ان کی معطلی کی تجویز پیش کی۔ تجویز کو صوتی ووٹوں سے پاس کیا گیا اور اراکین اسمبلی کو باہر بھیج دیا گیا۔
معطلی کی مخالفت میں تینوں اراکین اسمبلی ایوان کے صدر دروازے کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے غیر جمہوری طریقوں کا سہارا لے رہی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ گورنر کی تقریر کو رد کر انھوں نے آئینی عہدہ پر بیٹھے شخص کی بے عزتی کی ہے۔ حکومت نے اپنے اس قدم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی نیا اجلاس نہیں ہے بلکہ گزشتہ اجلاس کی توسیع ہے۔ حالانکہ گورنر تملسائی سندر راجن نے بھی حکومت کے اس قدم پر اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایوان پانچ مہینے بعد میٹنگ کر رہا ہے۔ عام حالات میں جب اتنے طویل وقت کے بعد ایوان بلایا جاتا ہے تو یہ ایک نیا اجلاس ہوتا ہے، لیکن حکومت نے پہلے کے اجلاس کو جاری رکھنے کے لیے انتخاب کیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔