ہریانہ: بی جے پی وزیر نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مندر میں کی پوجا
کیتھل کے شیوشکتی دھام مندر کے دروازے لوگوں کے لیے بند ہیں، لیکن جیسے ہی بی جے پی کی وزیر برائے فروغ خاتون و اطفال کملیش ڈھانڈا پہنچیں تو مندر کے دروازے بھی کھل گئے اور خصوصی پوجا بھی کی گئی۔
پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن 4.0 کا نفاذ ہو چکا ہے اور کچھ نرمی کے باوجود مذہبی مقامات اور مذہبی تقاریب پر پہلے کے مطابق سخت پابندیاں عائد ہیں۔ مندر-مسجد کے دروازے پوری طرح سے بند ہیں تاکہ لوگ وہاں اکٹھا نہ ہو سکیں اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے جا رہے اقدام پر اس کا کوئی منفی اثر پڑے۔ اس کے باوجود ہریانہ میں بی جے پی کی وزیر کملیش ڈھانڈا نے ایک مندر کا دروازہ کھلوایا اور پھر وہاں پوجا کی۔ بی جے پی وزیر کے ذریعہ اس طرح سے لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اور وہ لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن رہی ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کیتھل کے شیوشکتی دھام مندر کے دروازے لوگوں کے لیے بند ہیں، لیکن جیسے ہی بی جے پی کی وزیر برائے فروغ خاتون و اطفال کملیش ڈھانڈا پہنچیں تو مندر کے دروازے بھی کھل گئے اور خصوصی پوجا بھی کی گئی۔ کملیش ڈھانڈا کے ذریعہ کی گئی اس پوجا کی ویڈیو بھی بنائی گئی اور یہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ لوگ کملیش کی اس حرکت کی پرزور الفاظ میں مذمت کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو اتوار کی ہے۔ فی الحال کملیش ڈھانڈا کا اس تعلق سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کملیش ڈھانڈا اتوار کو کروکشیتر روڈ واقع شیو شکتی دھام مندر میں ضرورت مند لوگوں کو راشن مہیا کروانے پہنچی تھیں۔ اس دوران مندر کے دروازے کھلوائے گئے اور پوجا کی گئی۔ جب اس پوجا کے بارے میں مندر کے پجاری پریم شنکر شاستری سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم نے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے پوجا منعقد کی تھی۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ یوں تو مندر لاک ڈاؤن کےد وران سے ہی بند ہے، لیکن ریاستی وزیر پہنچیں تو پوجا کروائی گئی تھی۔ یہ پوجا امن عالم کے لیے کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔