پیرول پر باہر آئے عصمت دری کے مجرم ڈیرا چیف رام رحیم سے بی جے پی لیڈر نے لیا ’آشیرواد‘، ویڈیو وائرل
عصمت دری کے مجرم بابا رام رحیم نے 18 اکتوبر کو آن لائن ستسنگ کیا تھا اور آن لائن بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر رینو بالا گپتا نے انھیں ’پتا جی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
عصمت دری معاملے میں قصوروار قرار دیئے گئے ڈیرا سچا سودا چیف بابا رام رحیم پیرول پر جیل سے باہر آ چکے ہیں۔ ان کے پیرول پر کچھ لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا ہے، لیکن ایک تازہ ویڈیو نے ایک الگ ہی تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ قید سے باہر آنے کے بعد گزشتہ روز بابا رام رحیم نے آن لائن ستسنگ کیا۔ یہ ستنسگ 18 اکتوبر 2022 کو ہوا جو کہ اتر پردیش کے باغپت میں منعقد ہوا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ستسنگ میں ہریانہ بی جے پی کے بڑے بڑے لیڈروں نے حاضری دی۔ بابا رام رحیم کے اس آن لائن ستسنگ پروگرام میں بی جے پی لیڈر اور کرنال کی سابق میئر رینو بالا گپتا بھی شامل ہوئی تھیں۔
عصمت دری کے مجرم بابا رام رحیم سے آن لائن بات چیت کرتے ہوئے رینو بالا گپتا نے انھیں ’پتا جی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پتا جی کا آشیرواد بنا رہے۔ پہلے آپ کرنال آئے تھے اور صفائی کا پیغام دیا تھا۔ اس سے کرنال آگے بڑھا ہے۔ آگے بھی آپ آ کر کرنال کو آگے بڑھائیں گے۔ سبھی کو آشیرواد دیں۔‘‘ اس کے جواب میں بابا رام رحیم نے کہا کہ ’’آپ سبھی کو بہت بہت آشیرواد، آپ سبھی ذمہ دار لوگ پورے ملک کو چمکائیں گے اور آگے لے جائیں گے۔‘‘ اب اس ’آشیرواد‘ کی ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور بی جے پی کو لوگ تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
بابا رام رحیم کے پیرول کی ٹائمنگ پر پہلے ہی کئی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں۔ یہ سوال اس لیے اٹھ رہے ہیں کیونکہ ہریانہ میں پنچایت انتخاب کا ماحول بنا ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آدم پور سیٹ پر ضمنی انتخاب بھی ہونا ہے۔ کرنال دراصل وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کی اسمبلی سیٹ بھی ہے۔ حالانکہ ہریانہ حکومت نے اس پیرول کو روٹین عمل اور ایک مجرم کا آئینی حق قرار دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔