مسلمان لکشمی کی پوجا نہیں کرتے تو کیا وہ امیر نہیں ہوتے؟ بی جے پی رکن اسمبلی کا بیان
للن پاسوان نے کہا کہ اگر لکشمی دیوی کی پوجا سے دولت حاصل ہوتی تو مسلمانوں میں اُمرا نہیں ہوتے۔ ان کے بیان سے کچھ لوگ ناراض ہو گئے ہیں اور انہوں نے ان کا پتلا نذر آتش کر کے احتجاج درج کیا۔
پٹنہ: بہار سے بی جے پی کے رکن اسمبلی للن پاسوان نے بدھ کے روز اپنے بیان میں ہندو اعتقاد پر سوال اٹھاتے ہوئے دیوی دیوتاؤں پر تبصرہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی بات کو ثابت کرنے کے لئے دلائل بھی پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صرف لکشمی دیوی کی پوجا سے دولت حاصل ہوتی تو مسلمانوں میں اُمرا نہیں ہوتے۔ ان کے اس بیان سے کچھ لوگ ناراض ہو گئے ہیں اور بھاگل پور میں مشتعل لوگوں نے ان کا پتلا نذر آتش کر کے احتجاج درج کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسکول کے کچن سے کثیر مقدار میں شراب برآمد! پرنسپل معطل
بھاگل پور ضلع کی پیر پینتی اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی للن پاسوان نے کہا ’’اگر ہمیں صرف دیوی لکشمی کی پوجا کرنے سے دولت حاصل ہوتی تو مسلمانوں میں ارب پتی اور کھرب پتی نہیں ہوتے۔ مسلمان دیوی لکشمی کی پوجا نہیں کرتے، کیا وہ امیر نہیں ہوتے؟ مسلمان دیوی سرسوتی کی پوجا نہیں کرتے، تو کیا مسلمانوں میں معلم نہیں ہوتے؟ کیا وہ آئی اے ایس یا آئی پی ایس نہیں بنتے؟
بی جے پی لیڈر نے کہا ’’آتما اور پرماتما کا تصور صرف لوگوں کا عقیدہ ہے۔ اگر آپ مانتے ہیں تو دیو ہیں، ورنہ پتھر۔ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم دیوی دیوتاؤں کو مانتے ہیں یا نہیں۔ منطقی نتیجہ پر پہنچنے کے لئے ہمیں سائنسی بنیاد پر سوچنا ہوگا۔ اگر آپ یقین کرنا بند کر دیتے ہیں تو آپ کی ذہنی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔‘‘
پاسوان نے مزید کہا ’’یہ مانا جاتا ہے کہ بجرنگ بلی طاقت کے دیوتا ہیں اور طاقت فراہم کرتے ہیں۔ مسلمان یا عیسائی بجرنگ بلی کی پوجا نہیں کرتے، کیا وہ طاقتور نہیں ہیں؟ امریکہ کے پاس بجرنگ بلی کا مندر نہیں ہے، تو کیا وہ سپر پاور نہیں ہے؟ جس دن آپ یقین کرنا چھوڑ دیں گے، یہ سب چیزیں ختم ہو جائیں گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔