بی جے پی لیڈر ایشورپا بیٹے کو ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض! آزاد امیدوار کے طور پر اتارنے پر غور
اسمبلی انتخابات میں بھی ایشورپا کے بیٹے کانتیش کو ٹکٹ نہیں ملا تھا۔ ایشورپا کا کہنا ہے کہ یدی یورپا نے ان کے بیٹے کو لوک سبھا ٹکٹ دینے اور انتخابی مہم میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا
مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے کے لیے مشہور کرناٹک بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ایس ایشورپا کے بیٹے کانتیش کو بی جے پی نے لوک سبھا کا ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ اس کی وجہ سے ایشورپا بی جے پی سے اس قدر سخت ناراض ہوگئے ہیں کہ اپنے بیٹے کو آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اتارنے پر غور کرنے لگے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اگر انہوں نے اپنے بیٹے کو آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا تو اس سے بی جے پی کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں۔
بی جے پی نے بدھ (13 مارچ) کو لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی دوسری فہرست جاری کی۔ ایشورپا کو یقین تھا کہ پارٹی ان کے بیٹے کو ہاویری لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ دے گی لیکن اس سیٹ سے بی جے پی نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو میدان میں اتار دیا۔ اس کی وجہ سے ایشورپا بی جے پی سے اس قدرناراض ہوئے ہیں کہ اپنے بیٹے کو اسی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر اتارنے پر غور کرنے لگے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ایشورپا نے کہا ہے کہ پارٹی کے لیڈر بی ایس یدی یورپا نے وعدہ کیا تھا کہ کانتیش کو ہاویری سیٹ سے ٹکٹ دیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ یدی یورپا نے کانتیش کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی مہم میں شریک ہونے کا بھی وعدہ کیا تھا، لیکن بی جے پی نے کانتیش کو ٹکٹ نہ دیتے ہوئے ہاویری سے بسوراج بومئی کو ٹکٹ دے دیا۔
ایشورپا نے کہا ہے کہ وہ 15 مارچ کو شیوموگا میں اپنے حامیوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے، جہاں ان کے بیٹے کی امیدواری کے بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو شیوموگا یا ہاویری سیٹ سے میدان میں اتارنے پر غور کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شیوموگا سے یدی یورپا کے بیٹے بی وائی راگھویندر بی جے پی کی پہلی پسند ہیں، جو وہاں کے موجودہ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔
ایشورپا نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی ان کے بیٹے کو اس لیے نظر انداز کر رہی ہے کیونکہ 2013 میں کرناٹک جنتا پارٹی کے قیام کے وقت انہوں نے صوبے کے سابق وزیر اعلیٰ کی حمایت نہیں کی تھی۔ ایشورپانے یدی یورپا پر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ پرتاپ سمہا اور نلین کتیل جیسے ایماندار پارٹی کارکنوں کو دور کرنے کا بھی الزام لگایا۔ ایشورپا نے کہا کہ ان کا بیٹا کہاں سے الیکشن لڑے گ اوہ اس پر منحصر ہوگا کہ عوام کیا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل بی جے پی نے گزشتہ سال کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شیوموگا اسمبلی حلقہ سے کانتیش کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔