راہل گاندھی کے امریکہ دورہ کی کامیابی سے بی جے پی بوکھلا گئی ہے: اشوک گہلوت
گہلوت کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی ملک میں سماجی انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں جسے وہ انجام تک لے کر جائیں گے اور ریزرویشن سے کھلواڑ کرنے کے بی جے پی کے ارادے کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے امریکہ دورہ کی کامیابی سے برسراقتداربی جے پی بوکھلا گئی ہے اور ان کے دورہ کو لے کر بے شمار طرح کے جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر یہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کے ذریعہ 15-20 سالوں تک بدنام کرنے کی کوششوں کے باوجود راہل گاندھی اب ملک کی امیدوں کا مرکز بن گئے ہیں۔ اس سے بی جے پی اتنی مایوس اور جارح ہو گئی ہے کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں بی جے پی لیڈران کھلے عام راہل گاندھی کے قتل کی باتیں کر رہے ہیں۔‘‘
گہلوت نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ایسے بیانات پر بی جے پی صدر جے پی نڈا کی خاموشی حیرت انگیز ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اپنا اقتدار قائم رکھنے کے لیے بی جے پی کس حد تک جا سکتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی کے امریکہ دورہ کی کامیابی سے بی جے پی پوری طرح بوکھلا گئی ہے اور اس سفر کو لے کر ملک بھر میں افواہ پھیلا رہی ہے۔‘‘
اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا پوسٹ میں ریزرویشن کے تعلق سے لکھا کہ ’’لوک سبھا انتخاب میں آئین بدلنے اور ریزرویشن ہٹانے کے ارادے لے کر گئی بی جے پی کو عوام نے اچھا سبق سکھایا۔ اس کے باوجود بی جے پی ریزرویشن پر جھوٹ بولنے سے باز نہیں آ رہی ہے۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ سماج میں برابری لانے کے لیے ریزرویشن ضروری ہے اور ضرورت کے مطابق اس کی حد بھی بڑھانی چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : بی جے پی راہل گاندھی کی پچ پر کھیلنے پر مجبور
گہلوت نے راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماجی انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں جسے وہ انجام تک لے کر جائیں گے اور ریزرویشن سے کھلواڑ کرنے کے بی جے پی کے ارادے کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش اب بند کرے کیونکہ ملک سمجھتا ہے کہ راہل گاندھی کے ذریعہ امریکہ میں بولے گئے ایک ایک لفظ کا مطلب کیا ہے اور اس کے پیچھے راہل جی کا کیا جذبہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔