بی جے پی مغربی بنگال میں جعلی ویڈیو پھیلا رہی ہے، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا سنسنی خیز الزام
ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی جعلی ویڈیو بنانے پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے اور پھر سوشل میڈیا پر پھیلا رہی ہے، جو کچھ بھی آپ دیکھتے ہیں اس پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ وہ ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیتی ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس پر ریاست میں جعلی ویڈیو پھیلانے کا سنسنی خیزالزام لگایا ہے۔ ایک انتخابی ریلی میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی جعلی ویڈیو بنانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے اور پھر انہیں سوشل میڈیا پر پھیلا رہی ہے۔ جو کچھ بھی آپ دیکھتے ہیں اس پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ وہ ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیتی ہے۔
شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پارٹی کی جانب سے ایک انتخابی جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا تھا جس سے وہ خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ جعلی ویڈیو بناتے ہیں اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر آپ جو کچھ دیکھتے ہیں اس پر یقین نہ کریں کیونکہ وہ ہمیشہ جھوٹ کا ہی سہارا لیتے ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں مرکزی ایجنسیوں کے ایک گروپ پر بی جے پی کی حمایت کے لیے عام لوگوں کو ہراساں کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ (مرکزی ایجنسیاں) بی جے پی کے چھوٹے بھائیوں کی طرح کام کر رہی ہیں اور بی جے پی کی حمایت کے لیے عام لوگوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل مغربی بنگال میں مرکزی ایجنسیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ بی جے پی کی مدد کی جا سکے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی اس بات کو اچھی طرح سمجھ رہی ہے کہ وہ جیت نہیں پائے گی اس لیے وہ ہار کے خوف سے جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ بی جے پی کے لوگوں کو اس بات کا اچھی طرح احساس ہے کہ وہ نہیں جیتیں گے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے والوں کو اب اپنی غلطی کا احساس ہو رہا ہے، اس مرتبہ وہ غلطی نہیں کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے رام نومی تہوار کے موقع پر کشیدگی کے اندیشوں کے پیشِ نظر انتباہ بھی جاری کیا۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی میں نہ پھنسیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔