بی جے پی ملک کی تہذیب و تمدن و اس کے وقارکے ساتھ کھلواڑ کر رہی: وویک بنسل
کانگریس لیڈر وویک بنسل نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کو نفرت کے سوائے کچھ نہیں دیا، ہم سبھی کو مل کر اس نفرت کی گندگی کو محبت کے پانی سے صاف کرنے کا کام کرنا ہوگا۔
علی گڑھ: ’’بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی نام نہاد حامی فرقہ پرست جماعتیں اپنے زہر آلود منصوبہ کے ذریعہ ملک کی تہذیب و تمدن اور وقار کو مجروح کرنے کا کام کر رہی ہیں۔ اس کوشش کو ملک کے سیکولر عوام کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ یہ خیالات ’قومی آواز‘ کے ساتھ مختصر ملاقات میں اے آئی سی سی کے سکریٹری اور کانگریس امیدوار وویک بنسل نے ظاہر کئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں لاقانونیت پھیلی ہوئی ہے۔ سیاست داں جھوٹ اور مکر کی بنیاد پر اقتدار کو حاصل کرنے کے بعد عوامی فلاح و بہبود کو اپنے آس پاس بھی نہیں آنے دیتے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی سیاست صرف عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی ہے۔ صوبہ میں تعلیم کی حالت بہت خراب ہے، خصوصی طور پر لڑکیوں کی تعلیم اور ان کا تحفظ و بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرانا کانگریس پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
اپنے ذاتی تجربہ اور ایک مقامی سروے کی بنیاد پر وویک بنسل نے بتایا کہ مسلم بستیوں میں، خصوصاً گھنی آبادی والے مسلم علاقوں میں تعلیم کا فقدان ہے۔ وہاں بہتر اسکول کالج و دیگر بنیادی سہولیات کی سخت ضرورت ہے۔ لیکن نفرت کی سیاست نے سماج کے پسماندہ طبقات کو نظر انداز کر دیا ہے۔ اس کے سبب تعلیمی اداروں کا قیام ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اگر کانگریس حکومت میں آئی تو سماج کے ہر طبقہ کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرانے کے ساتھ ساتھ سبھی کو برابری کے حقوق بغیر کسی تفریق کے دیے جائیں گے۔
وویک بنسل کا کہنا ہے کہ جب میں رکن اسمبلی تھا تو ہر علاقہ میں تمام سڑکوں کو سیمینٹ سے بنوانے کا کام اپنی ترقیاتی رقم سے پورا کیا۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی مدد سے جہاں جہاں اسکول کالج کو امداد کی ضرورت تھی اس سلسلے میں بھی کام کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کو نفرت کے سوائے کچھ نہیں دیا اس سے ملک اور سماج کا بہت نقصان ہوا ہے۔ ہم سبھی کو مل کر اس نفرت کی گندگی کو محبت کے پانی سے صاف کرنے کا کام کرنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں وویک بنسل نے کہا کہ ملک کی 90 فیصد آبادی امن و چین سے محبت کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ ملک کے روشن مستقبل اور امن پسند افراد کو چند سرپھرے نفرتی افراد کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اس کے لیے ہم سبھی کو کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لیے سرگرم عمل ہونا ہوگا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کانگریس کے چیف الیکشن ایجنٹ ندیم غفور، سابق شہر صدر انجینئر سید وسیم احمد، راکیش سکسینہ، راشد خان، شاہد علی خان موجود رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔