بہار: سارن میں چچا-بھتیجے کا گولی مار کر قتل، تیجسوی نے پوچھا ’مہاجنگل راج کا مہاراجہ کون؟‘
سارن واقع گرکھا تھانہ حلقہ میں کچھ جرائم پیشے ایک گھر میں گھس گئے اور دو لوگوں کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں مقامی لوگوں نے ایک ملزم کو پکڑ لیا اور ایسی پٹائی کی کہ وہ بھی ہلاک ہو گیا۔
بہار کے سارن ضلع واقع گرکھا تھانہ میں جرائم پیشوں نے ایک گھر میں گھس کر دو لوگوں کو گولی مار دی، جس سے جائے وقوع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے بھاگ رہے ملزمین میں سے ایک کو پکڑ لیا اور جم کر پٹائی کر دی۔ اس پٹائی سے ملزم کی بھی موت واقع ہو گئی۔ واقعہ کی خبر جب پولس کو ملی تو فوراً وہاں پہنچی اور 5 لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔
پولس کے ایک افسر نے پیر کے روز بتایا کہ جرائم پیشوں نے اتوار کی شب موتی راج پور گاؤں باشندہ رامائن سنگھ کے گھر پر حملہ بول دیا اور ان کے بیٹے ناگیندر سنگھ اور ناگیندر سنگھ کے بھتیجے سنجے سنگھ کو گولی مار دی۔ اس واقعہ میں ناگیندر سنگھ کے بھائی نتیانند سنگھ کو بھی گولی لگی جو سنگین طور پر زخمی ہوئے اور ان کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جب جرائم پیشوں نے گھر والوں پر گولیوں سے حملہ کیا تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اس ہنگامہ کی آواز سن کر گاؤں والے اکٹھا ہو گئے اور گولی مار کر بھاگ رہے جرائم پیشوں میں سے ایک پرشورام رائے کو پکڑ لیا۔ ناراض لوگوں نے اس کی جم کر پٹائی کر دی اور بعد میں اسے پولس کے حوالے کر دیا۔ زخموں کی تاب نہ لانے کی وجہ سے پرشورام موت کی نیند سو گیا۔ گرکھا تھانہ انچارج امرتیش کمار نے بتایا کہ اس معاملے کی پولس تفتیش کر رہی ہے۔ پانچ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ قتل کے اسباب کا فی الحال پتہ نہیں چل پایا ہے۔
اس درمیان بہار میں بڑھتے جرائم کے واقعات کو لے کر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں سوال کیا ہے کہ ’’مہاجنگل راج کا مہاراجہ کون؟ لفاظی کرنے والے کیوں ہیں مون (خاموش)؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔