سوشانت سنگھ کیس: ایف آئی آر کے بعد سے ریا چکروتی غائب! لُک آؤٹ نوٹس ہو سکتا ہے جاری
سوشانت سنگھ راجپوت موت معاملہ میں ریا چکرورتی کے خلاف بہار پولس لُک آؤٹ نوٹس جاری کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سوشانت کے ساتھ آخری فلم تک کام کرنے والے اداکاروں سے بھی پوچھ تاچھ ہو سکتی ہے۔
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ میں ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی مشکلیں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے ہی ریا چکرورتی اپنے گھر سے غائب ہیں۔ بہار پولس لگاتار ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ریا کا موبائل بھی کئی دنوں سے بند پڑا ہے۔ اب خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ اس تعلق سے بہار پولس ریا چکرورتی کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کر سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولس پہلے ریا کو تعزیرات ہند کی دفعہ 161 کے تحت نوٹس دے گی اور اس کے ساتھ انھیں کچھ سوال بھی بھیجے جائیں گے۔ پولس نے پوچھ تاچھ کے لیے سوالوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدالاضحیٰ: یہ نئے مزاج کا شَہر ہے، ذرا فاصلوں سے ملا کرو...
اُدھر ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ اگر سوشانت سنگھ کے والد کے کے سنگھ کہیں گے تو سی بی آئی جانچ ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ سینئر ایڈووکیٹ کو اس کام میں لگایا گیا ہے اور پولس جانچ کر رہی ہے۔ اگر وہ کہیں گے تو ریاستی حکومت آگے ایکشن لے گی۔ اس میں دو ریاستوں کےد رمیان جھگڑے کی کوئی بات نہیں ہے۔ اس کے علاوہ خبر رساں ادارہ اے این آئی اے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پٹنہ پولس اب سوشانت کی آخری فلم 'دل بے چارہ' تک سے جڑے سبھی لوگوں سے پوچھ تاچھ کرنے جا رہی ہے۔ پٹنہ پولس کی ٹیم فلم کے ان لوگوں سے بات کرے گی جو اس کو بنانے کے دوران سوشانت کے آس پاس رہے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ پولس اس فلم کے ڈائریکٹر مکیش چھابڑا سے پوچھ تاچھ کر چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔