نتیش کمار پھر کٹہرے میں ، افتتاح سے پہلے ہی ٹوٹ گیا ’بنگرا گھاٹ پل‘ کا ایپروچ روڈ
گوپال گنج میں جس ’بنگرا گھاٹ مہاسیتو‘ کا وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج افتتاح کیا، اس کا ایپرو روڈ تقریباً 50 میٹر کے دائرے میں ایک دن قبل منہدم ہو گیا تھا جس کو افسران نے آناً فاناً میں ٹھیک کرایا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایک بار پھر اپوزیشن کے نشانے پر ہیں۔ وجہ ہے گوپال گنج واقع بنگرا گھاٹ پل کا ایپروچ روڈ جو کہ 11 اگست کو ٹوٹ گیا۔ اس سڑک کے ٹوٹنے سے نتیش کمار کے لیے مسئلہ یہ پیدا ہو گیا کہ 12 اگست کو جس 'بنگرا گھاٹ پل' کا وہ افتتاح کرنے والے تھے، اس کو لے کر کشمکش کی صورت حال کھڑی ہو گئی ہے۔ لیکن افسران نے کسی طرح آناً فاناً میں ایپروچ روڈ کی مرمت کی اور پھر آج مقررہ وقت سے کچھ تاخیر کے ساتھ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ نتیش کمار نے بنگرا گھاٹ پل کا افتتاح کیا۔
509 کروڑ کی لاگت سے بنے اس پل کا افتتاح تو کسی طرح ہو گیا، لیکن نتیش کمار پر انگلیاں اٹھنی شروع ہو گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوپال گنج کے بیکنٹھ پور میں 7 جگہوں پر سارن پشتہ ٹوٹا تھا۔ اسی پشتہ کے ٹوٹنے کے بعد بنگرا گھاٹ پل سے تقریباً 5 کلو میٹر دور ایپروچ روڈ پانی کے دباؤ سے اچانک منہدم ہو گیا۔ خبروں کے مطابق بہار ریاستی پل کنسٹرکشن کارپوریشن کے اعلیٰ افسران فوراً جائے واقعہ پر پہنچے اور دو سے زیادہ جے سی بی مشین و سینکڑوں مزدوروں کو لگا کر مرمتی کام مکمل کرایا۔
آج صبح آر جے ڈی گوپال گنج نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹوئٹ میں ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ "گوپال گنج کا بنگرا گھاٹ کا پل جو وزیر اعلیٰ کے ذریعہ افتتاح کے پہلے ہی ٹوٹ گیا۔ اب بی جے پی-جے ڈی یو والے شور مچائیں گے کہ پل نہیں ایپروچ روڈ ٹوٹا ہے، جیسے کہ ایپروچ روڈ اپوزیشن نے بنایا ہو۔ وزیر اعلیٰ پھر بھی افتتاح کریں گے کیونکہ آج کل وہ کسی بھی نئی، پرانی، تباہ، ٹوٹی چیزوں کا افتتاح کرنے کو آمادہ ہیں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Aug 2020, 7:40 PM