بہار انتخاب: راہل گاندھی نے عوام سے کیا 'منظوم وعدہ'، لوگوں کو پسند آ رہا دلچسپ انداز
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مہاگٹھ بندھن کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جو منظوم انداز میں ہے اور لوگوں کے ذریعہ کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
بہار اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ حالانکہ آج شام آخری مرحلے کے لیے انتخابی تشہیر کا عمل ختم ہو گیا ہے، لیکن سیاسی پارٹیاں ہر ممکن ذرائع سے لوگوں کو متوجہ کرنے اور ان کا ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مہاگٹھ بندھن کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جو لوگوں میں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹوئٹ دراصل ایک منظوم وعدہ ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مہاگٹھ بندھن حکومت بنتی ہے تو کن ایشوز کی طرف فوری توجہ دی جائے گی۔
راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے "ہو جاؤ تیار/ اب مہاگٹھ بندھن سرکار/ آپ تک پہنچائے گی روزگار/ کسان کا قرض معاف/ بجلی بل ہاف/ بیٹیوں کو مفت تعلیم اور انصاف/ سبھی طبقات کی ترقی سے رکاوٹیں صاف/ صنعت-کاروبار لگائیں گے/ نیا بہار بنائیں گے۔" راہل گاندھی نے اس ٹوئٹ کے آخر میں 'ہیش ٹیگ بولے بہار مہاگٹھ بندھن سرکار' بھی لگایا ہے۔
واضح رہے کہ بہار میں کانگریس نے آر جے ڈی اور بایاں محاذ پارٹی کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے مہاگٹھ بندھن کے لیڈروں کو کامیاب بنانے کے لیے بہار میں کئی ریلیاں بھی کر چکے ہیں اور ٹوئٹ کے ذریعہ بھی لوگوں سے لگاتار اپیل کر رہے ہیں۔ انھوں نے بدھ کو لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں کے اپنے گھر لوٹنے میں آئی دقتوں سے جڑا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا تھا جس کے ذریعہ انھوں نے مرکزی اور بہار حکومت پر حملہ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔