بہار اسمبلی انتخاب: مدھوبنی میں انتخابی جلسہ کے دوران نتیش کمار پر پھینکا گیا پتھر

پتھر پھینکے جانے کے واقعہ کے بعد وہاں موجود سیکورٹی اہلکار مستعد ہو گئے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے ایک سیکورٹی گھیرا بنا لیا۔ اس سیکورٹی گھیرے میں ہی نتیش کمار نے اپنی تقریر مکمل کی۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

تنویر

انتخابی ریلیوں کے درمیان وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو لگاتار عوام کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ معاملہ مدھوبنی کے ہرلاکھی میں منعقد ہوئے جلسہ کا ہے جہاں نتیش کمار پر پتھر پھینکے جانے کا واقعہ دیکھنے کو ملا۔ یہاں ریلی میں جب وزیر اعلیٰ نتیش کمار ملازمت کی بات کر رہے تھے، اسی دوران بھیڑ میں سے کسی نے ان پر پتھر پھینک دیا۔ اس حرکت پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کافی ناراض ہوئے اور کہنے لگے "خوب پھینکو، پھینکتے رہو، اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔"

پتھر پھینکے جانے کے واقعہ کے بعد وہاں موجود سیکورٹی اہلکار مستعد ہو گئے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے ایک سیکورٹی گھیرا بنا لیا۔ اس سیکورٹی گھیرے میں ہی نتیش کمار نے اپنی تقریر مکمل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے ایک شخص کو پکڑ بھی لیا تھا جس نے مبینہ طور پر پتھر نتیش کمار کی طرف پھینکا تھا، لیکن نتیش کمار نے کسی طرح کی کارروائی کرنے سے منع کر دیا۔ انھوں نے سیکورٹی اہلکار سے کہا کہ "ان لوگوں کو چھوڑ دیجیے، کچھ دن بعد خود ہی سمجھ جائیں گے۔"


اس سے قبل مظفر پور کے سکرا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران نتیش کمار کے ہیلی کاپٹر کی طرف کسی شخص نے چپل پھینک دی تھی۔ حالانکہ چپل ہیلی کاپٹر تک پہنچ نہیں پائی۔ پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (مظفر پور مشرق) منوج پانڈے نے بتایا تھا کہ ریلی کے دوران ہیلی پیڈ پر کھڑے وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کی طرف چپل پھینکی گئی تھی۔ اس وقت وزیر اعلیٰ اسٹیج پر تھے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ریلی میں رخنہ پیدا کرنے کے الزام میں تین لوگوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ چپل پھینکنے کے وقت کچھ لوگ نتیش کمار کے خلاف نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔