بہار انتخاب: بی جے پی کے لیے پہلے مہنگائی 'ڈائن' تھی، اب 'بھوجائی' بن گئی، تیجسوی کا طنز
تیجسوی نے بی جے پی اور جے ڈی یو پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عام لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے، پیاز نے تو سنچری لگا دی ہے۔ بی جے پی والوں کے لیے پہلے مہنگائی ڈائن تھی، لیکن اب بھوجائی بن گئی ہے
بہار انتخاب میں اپوزیشن پارٹیوں کے مہاگٹھ بندھن کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو نے جمعہ کو پیاز اور آلو کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کو لے کر بی جے پی پر زبردست سیاسی حملہ کیا۔ انھوں نے بی جے پی کے لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "مہنگائی پہلے ان کے لیے 'ڈائن' تھی، لیکن اب 'بھوجائی' بن گئی ہے۔"
تیجسوی یادو نے 30 اکتوبر کو اپنے ایک انتخابی جلسے میں پیاز کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کو لے کر بی جے پی اور جے ڈی یو کو گھیرنے کی کوشش کی۔ سمستی پور کے حسن پور میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیاز کی قیمت اب سنچری لگا رہی ہے، جب کہ آلو نصف سنچری بنا چکا ہے۔ بی جے پی کے لوگ پہلے پیاز کی بڑھی قیمت پر پیاز کی مالہ پہن کر 'مہنگائی ڈائن کھائے جات ہے' گاتے تھے، لیکن اب لگتا ہے کہ مہنگائی ان کی 'بھوجائی' ہو گئی ہے۔
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر بھی مہنگائی کے تعلق سے تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے "مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے۔ پیاز نے سنچری بنا دی ہے۔ بی جے پی والوں کے لیے پہلے مہنگائی ڈائن تھی، اب بھوجائی ہے۔ ڈبل انجن حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور غریبی پر صلاح و مشورہ ہی نہیں کرنا چاہتی۔" تیجسوی لگاتار نتیش حکومت پر مختلف ایشوز کو لے کر نشانہ سادھ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔