بہار اسمبلی انتخاب: مہاگٹھ بندھن کی پارٹیاں متحد، میٹنگوں کا دور شروع

بایاں محاذ پارٹیوں کے لیڈران نے آر جے ڈی ریاستی صدر جگدانند سنگھ سے ملاقات کی اور اسمبلی انتخابات کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں سبھی پارٹیوں نے اتحاد کے ساتھ انتخاب لڑنے پر اتفاق ظاہر کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب میں اپوزیشن پارٹیوں کے 'مہاگٹھ بندھن' کی سائز بڑھانے کے لیے کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز بایاں محاذ پارٹیوں کے لیڈران نے آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ سے ملاقات کی اور اس معاملے کو لے کر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں سبھی پارٹیوں نے اتحاد کے تحت الیکشن لڑنے پر اتفاق ظاہر کیا، حالانکہ ابھی سیٹوں کی تقسیم سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کا ایک مشترکہ نمائندہ وفد نے آر جے ڈی ریاستی صدر جگدانند سنگھ سے ملاقات کی اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ میٹنگ کے بعد سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری رام نریش پانڈے نے صحافیوں کو بتایا کہ پارٹیوں میں اس بات پر اتفاق قائم ہوا ہے کہ آر جے ڈی، کانگریس، سی پی آئی، سی پی آئی ایم، دیگر بایاں محاذ پارٹیاں اور دیگر پارٹیاں مل کر سبھی 243 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی۔ انھوں نے کہا کہ سبھی پارٹیوں کے درمیان باوقار طریقے سے سیٹوں کی تقسیم پر جلد ہی بات چیت ہوگی اور متفقہ طور پر چیزیں فائنل کی جائیں گی۔


میٹنگ میں اس بات پر بھی اتفاق قائم ہوا کہ کسی بھی حالت میں مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کے درمیان کسی طرح کی رخنہ اندازی پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ سبھی پارٹیاں آپسی سمجھداری اور وسیع سیاسی ضرورتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ میٹنگ میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے علاوہ اوم پرکاش نارائن، رام بابو کمار، سابق رکن اسمبلی اودھیش کمار رائے، سابق ایم ایل سی سنجے کمار یادو اور سی پی ایم کی جانب سے ریاستی سکریٹری اودھیش کمار، ارون کمار مشرا اور رام پری شامل تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 10:11 PM