بہار: روہتاس کی ایک جھونپڑی میں آگ لگنے سے 6 لوگوں کی موت، مہلوکین میں 4 بچے بھی شامل
ابراہیم پور میں ٹین والے چھپڑ کے مکان میں ایک کنبہ کے لوگ کھانا کھا کر دوپہر میں سو رہے تھے، اسی دوران پاس واقع بجلی ٹرانسفر سے چنگاری نکلی اور گھر میں آگ لگ گئی۔
بہار کے روہتاس ضلع واقع کچھوا تھانہ حلقہ میں منگل کے روز ایک جھونپڑی نما گھر میں آگ لگ جانے سے ایک ہی کنبہ کے چھ لوگوں کی موت ہو گئی۔ مہلوکین میں دو خواتین اور چار بچے بتائے جا رہے ہیں۔ اس حادثہ میں دو سال کی ایک بچی موتی کماری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جسے علاج کے لیے سہسرام کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے طمابق ابراہیم پور میں ایک ٹین والے چھپڑ نما مکان میں گھر والے کھانا کھا کر دوپہر کے وقت سو رہے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ اسی دوران پاس واقع بجلی ٹرانسفر سے چنگاری نکلی اور گھر میں آگ لگ گئی۔ لوگوں نے آگ بجھانے کی بہت کوشش کی، لیکن تب تک اندر موجود لوگ اس کی زد میں آ گئے اور 6 لوگوں کی موت ہو گئی۔
مقامی لوگوں کے مطابق مہلوکین میں دیو چودھری کی بیوی پشپا دیوی، اس کی تین بیٹیاں، ایک بیٹا موہا کمار اور پشپا دیوی کی نند مایا دیوی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دیو چودھری کی ایک چھوٹی بیٹی موتی کماری کو زخمی حالت میں علاج کے لیے سہسرام واقع صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ پتہ لگائی جا رہی ہے۔ جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ جھونپڑی میں آگ بجلی ٹرانسفر کی چنگاری کے سبب لگی یا پھر گھر کے چولہے کی چنگاری سے۔ افسر نے کہا کہ زخمی بچی کے لیے بہتر علاج مہیا کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ متاثرہ کنبہ کی مدد کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔