ایک غریب کنبہ کے 5 اراکین کی خودکشی بہار حکومت پر سیاہ داغ: تیجسوی یادو
سمستی پور کے مئو دھنیش پور جنوب گاؤں میں ایک ہی کنبہ کے 5 لوگوں کی لاشیں پھندے سے لٹکی ملی تھیں، مہلوکین کی شناخت منوج جھا، ان کی بیوی سندر منی، ماں سیتا دیوی اور بچے ستیم و شیوم کی شکل میں ہوئی۔
بہار کے سمستی پور واقع ودیاپتی تھانہ حلقہ میں ایک ہی کنبہ کے پانچ اراکین کی خودکشی کے واقعہ کو اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے حکومت کے لیے سیاہ داغ قرار دیا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اس واقعہ کو انتہائی دردناک اور افسوسناک ٹھہرایا۔ انھوں نے پیر کے روز اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے کہ ’’سمستی پور میں ایک غریب کنبہ کے سبھی اراکین نے غریبی، بھکمری، معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی سے پریشان ہو کر اجتماعی خودکشی کر لی۔ یہ افسوسناک واقعہ انتہائی دردناک، تکلیف دہ اور مبینہ ڈبل انجن حکومت کے بڑبولے پن پر سخت طمانچہ اور کالا داغ ہے۔‘‘
سمستی پور ضلع کے مئو دھنیش پور جنوب گاؤں میں اتوار کو ایک ہی کنبہ کے پانچ لوگوں کی لاشیں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔ مہلوکین کی شناخت منوج جھا، ان کی بیوی سندر منی دیوی، ماں سیتا دیوی اور بچے ستیم و شیوم کی شکل میں ہوئی ہیں۔ سمستی پور کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈی کے پانڈے نے بتایا کہ پہلی نظر میں معاملہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ ویسے پولیس سبھی نکات پر جانچ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق منوج جھا کے کنبہ نے کچھ قرض لے رکھا تھا، جس وجہ سے وہ دباؤ میں تھے۔ واقعہ کی وجہ معاشی تنگ حالی بتائی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔