فرضی پاسپورٹ اور ویزہ کے سب سے بڑے گروہ کا پردہ فاش، 4 گرفتار
آئی جی آئی ایئرپورٹ کی ڈی سی پی تنو شرما نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 325 فرضی پاسپورٹ، 175 فرضی ویزے اور دیگر متعلقہ چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں آئی جی آئی ائیرپورٹ پولیس نے سب سے بڑے بین الاقوامی فرضی پاسپورٹ اور ویزہ تیار کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ آئی جی آئی ایئرپورٹ کی ڈی سی پی تنو شرما نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 325 فرضی پاسپورٹ، 175 فرضی ویزے اور دیگر متعلقہ چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ ذاکر یوسف شیخ ہے۔ آئی جی آئی یونٹ کو گروہ کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد اس کا پردہ فاش کیا گیا۔
قبل ازیں، آئی جی آئی ائیرپورٹ میں پی پی ایکٹ کے تحٹ معاملہ درج کیا گیا تھا، جس میں گجرات کے گاندھی نگر کے رہائشی مسافر روی رمیش بھائی چودھری کو فرضی پاسپورٹ رکھنے کے الزام میں کویت سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ فرضی پاسپورٹ کا انتظام ممبئی کے رہنے والے ذاکر یوسف شیخ اور مشتاق عرف جمیل پکچروالا نامی ایجنٹوں نے کیا تھا، جن کا تعارف گجرات کے نارائن بھائی چودھری نامی مقامی ایجنٹ نے روی رمیش بھائی چودھری سے کرایا تھا۔
تحقیقات کے دوران، پولیس نے شیخ اور پکچروالا سمیت دونوں ایجنٹ اور ان کے ساتھی امتیاز علی شیخ عرف راجو بھائی اور سنجے دتارام چوہان کو ممبئی سے گرفتار کیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 325 ہندوستانی پاسپورٹ، 175 ویزے، 1200 سے زائد ڈاک ٹکٹ، 11 بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ، 75 پاسپورٹ جیکٹس، 17 آدھار کارڈ، 12 کلر پرنٹرز، فرضی ہندوستانی پاسپورٹ بنانے کے لیے ڈائی، دو لیمی نیشن مشینیں، ایک پیپر کٹر مشین، دو فوٹو پولیمر اسٹیمپ بنانے والی مشینیں اور دیگر مجرمانہ ثبوت برآمد کئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔