جہانگیر پوری تشدد: اسلحہ سپلائی کرنے والا راجن گرفتار، پوچھ تاچھ شروع
جہانگیر پوری میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے لیے شرپسندوں کو ملزم راجن نے اسلحہ سپلائی کیا تھا یا نہیں، اس سلسلے میں پولیس نے جانچ شروع کر دی ہے۔
دہلی پولیس نے جہانگیر پوری علاقے کے ایک اہم اسلحہ سپلایر کو ایک مختصر تصادم کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ اس تصادم کے دوران ملزم کو گولی بھی لگی۔ ایک افسر نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔ ملزم کی شناخت دہلی کے جہانگیر پوری باشندہ راجن عرف راہل کی شکل میں ہوئی ہے جو 38 سال کا ہے اور پہلے بھی 70 مجرمانہ معاملوں میں اس کا نام آ چکا ہے۔
جہانگیر پوری میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے لیے شرپسندوں کو راجن نے اسلحہ سپلائی کیا تھا یا نہیں، اس کی پولیس جانچ کر رہی ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر برجیندر کمار یادو نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ’’ہم فی الحال ان سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں۔‘‘ آپریشن کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے ڈی سی پی نے کہا کہ ملزم کے بارے میں ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وہ باہری شمالی اور آس پاس کے اضلاع میں جرائم پیشوں کو فروخت کرنے کے لیے اسلحے کی ایک کھیپ لے کر آئے گا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر شاہ آباد ڈیری علاقہ میں روہنی کے سیکٹر 36 میں جال بچھایا گیا اور ملزم کو اس وقت روک لیا گیا جب وہ بوانا روڈ کی طرف سے ایک اسکوٹی پر سیکٹر 36 روہنی کی طرف آ رہا تھا۔
ڈی سی پی کا کہنا ہے کہ ’’پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزم نے دیسی پستول سے پولیس پر گولیاں چلا دیں اور پولیس کی ٹیم نے ملزم کی سرگرمی کو روکنے کے لیے اور اسے فرار ہونے میں ناکام بنانے کے لیے 3 راؤنڈ فائرنگ کی۔ ایک گولی ملزم کے داہنے پیر میں لگی۔‘‘ ملزم پولیس کے ساتھ تصادم کے دو گزشتہ معاملوں، آرمس ایکٹ، اسنیچنگ، چوری اور این ڈی پی ایس کے معاملوں میں بھی شامل تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔