بھارت جوڑو یاترا: کانگریس کی ملک گیر مہم 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوگی
کانگریس پارٹی 7 سمتبر سے ’بھارت جوڑو‘ یاترا شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ یاترا 3500 کلومیٹر طویل ہوگی اور 12 ریاستوں سے ہو کر گزرے گی۔
نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس نے منگل کے روز ’بھارت جوڑو‘ یاترا کا لوگو، ٹیگ لائن اور پمفلیٹ جاری کر دیا۔ دہلی میں پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش اور دگوجے سنگھ نے اسے متعارف کرایا۔ خیال رہے کہ کانگریس پارٹی 7 سمتبر سے ’بھارت جوڑو‘ یاترا شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ یاترا 3500 کلومیٹر طویل ہوگی اور 12 ریاستوں سے ہو کر گزرے گی۔ اس دوران کانگریس پارٹی کی جانب سے پدیاترا اور ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس دوران جے رام رمیش نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ایک ویب سائٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کشمیر سے کنیاکماری تک ہوگی۔ جے رام رمیش نے بتایا کہ ویب سائٹ کے ذریعے ہماری کوشش رہے گی کہ جو بھی اس سے جڑنا چاہتا ہے وہ خود کو رجسٹر کرے۔ یاترا کی لائیو اسٹریم بھی ویب سائٹ پر دستیاب رہے گی۔ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کی ٹیگ لائن ’ملے قدم، جڑے وطن‘ ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ گزشتہ روز راہل گاندھی نے تقریباً 150 شہری تنظیموں سے ملاقات کی اور ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو کی۔ اس دوران انہیں بتایا گیا کہ یاترا کا مقصد کیا ہے۔ مقصد بیان کرتے ہوئے دگوجے سنگھ نے کہا کہ جس طرح ملک میں نفرت کا ماحول تیار کر دیا گیا ہے، جس طرح آئینی اداروں پر قبضہ کیا گیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، لہذا اس کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے ادے پور میں طے کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں بھارت جوڑو یاترا نکالی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی چاہتی ہیں کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ پورے ملک میں نکالی جائے، جس میں ہر مذہب، ہر برادری، ہر سماج کے لوگ شامل ہوں۔ ہمارے ملک میں جو معاشی دقتیں ہیں، عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے، ایک طریقہ سے یہ تقسیم ہو رہی ہے، لہذا بھارت کو جوڑنا ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔