بنگلورو: ایندھن قیمتوں میں اضافہ سے پریشان ڈرائیور کی خود سوزی
پولیس نے کہا کہ پرتاپ گوڑا 70 فیصد تک جھلس گیا تھا کیونکہ اس نے خود کو کار میں بند کرلیا اور پٹرول چھڑک کر خود کو آگ کے حوالہ کر دیا۔
بنگلورو: ایندھن قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عام آدمی کس قدر پریشان ہے اس کی مثال کرناٹک کے شہر بنگلوروں میں اس وقت منظر عام پر آئی جب ایک پریشان حال کیب ڈرائیور نے خود سوزی کر لی۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق ڈرائیور نے ایندھن قیمتوں میں ہوئے بے تحاشہ اضافہ کے سبب ابتر معاشی حالات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا۔
خود سوزی کرنے والے ڈرائیور کا نام پرتاپ گوڑا (35 سال) تھا اور وہ رام نگر کا رہائشی تھا۔ پرتاپ گوڑا نے منگل کی نصف شب میں خود سوزی کی، اس واقعہ میں وہ بری طرح جھلس گیا اور بعد میں اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے کہا کہ پرتاپ گوڑا 70 فیصد تک جھلس گیا تھا کیونکہ اس نے خود کو کار میں بند کرلیا اور پٹرول چھڑک کر خود کو آگ کے حوالہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی پردیپ گوڑا کرناٹک اسٹیٹ ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (کے ایس ٹی ڈی سی) کے تحت ہوائی اڈے سے ٹیکسی چلاتا تھا۔
ایئرپورٹ کے ایک عہدیدار نے صحافیوں سے کہا کہ ’’کے ایس ٹی ڈی سی کی شرحیں دیگر ایگریتیٹرز کے مقابلہ بہت زیادہ ہیں، جس کے سبب وہ زیادہ کمائی نہیں کر پا رہا تھا۔ غالباً اسی لئے ڈرائیور یہ مہلک اقدام اٹھانے پر مجبور ہوا ہوگا۔‘‘
ڈی سی پی بنگلورو شمال مشرقی ڈویزن سی کے بابا نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متوفی کو وکٹوریا اسپتال بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم تاحال اس کے اس مہلک اقدام کے پیچھے کی اصل وجوہات کو معلوم نہیں کر سکے ہیں۔‘‘ اس واقعہ کے بعد مختلف کیب ڈرائیور یونینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کے آئی اے نے ٹوئٹ کے ذریعے ایئرپورٹ پر ٹیکسی خدمات متاثر ہونے کی اطلاع فراہم کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔