بنگال بی جے پی کو سبیاساچی دتہ نے بھی دیا جھٹکا، ترنمول کانگریس میں شمولیت

2019 میں درگا پوجا سے قبل سبیاساچی دتہ نے ٹی ایم سی کا دامن چھوڑ کر بی جے پی کی رکنیت اختیار کی تھی۔ اس بار بھی درگا پوجا سے قبل ہی انھوں نے بی جے پی کو چھوڑنے اور ٹی ایم سی میں واپسی کا اعلان کیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال میں بی جے پی کو لگاتار لگ رہے جھٹکوں کے درمیان سبیاساچی دتہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی سکریٹری اور سابق رکن اسمبلی سبیاساچی دتہ نے جمعرات کو ریاستی اسمبلی میں پہلے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی اور پھر ٹی ایم سی وزیر و جنرل سکریٹری پارتھ چٹرجی کے کمرے میں پہنچ کر باضابطہ ٹی ایم سی کی رکنیت اختیار کر لی۔

قابل ذکر ہے کہ 2019 میں درگا پوجا سے قبل سبیاساچی دتہ نے ٹی ایم سی کا دامن چھوڑ کر بی جے پی کی رکنیت اختیار کی تھی۔ اس بار بھی درگا پوجا سے قبل ہی انھوں نے بی جے پی کو چھوڑنے اور ٹی ایم سی میں واپسی کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سبیاساچی دتہ نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ کچھ غلط فہمی ہوئی تھی جس کی وجہ سے انھوں نے الگ راستہ اختیار کر لیا تھا، لیکن اب سب کچھ ٹھیک ہے۔


واضح رہے کہ اب تک بی جے پی کے کئی لیڈران ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ مکل رائے، تنمے گھوش، سومین رائے، بشوجیت داس وغیرہ ان اہم ناموں میں شامل ہیں جنھوں نے مغربی بنگال اسمبلی انتخاب کا نتیجہ برآمد ہونے کے بعد بی جے پی چھوڑ کر ٹی ایم سی کا دامن تھاما ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔