متھن چکرورتی کو روڈ شو کی اجازت نہیں ملی!
سربنتی چٹرجی نے کہا کہ کلکتہ پولیس نے بغیر کسی وجہ کہ متھن چکرورتی کو میرے حلقے انتخاب میں روڈ شو کی اجازت نہیں دی ہے۔
کلکتہ: کلکتہ کے بہالا علاقے میں بالی ووڈ اداکار متھن چکرورتی کو روڈ شو کی اجازت نہیں ملنے کے بعد پارٹی کارکنان کا ایک گروپ نے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ احتجاج کی قیادت پارٹی امیدوار و اداکارہ سربنتی چٹرجی نے کی، جو بی جے پی کے ٹکٹ پر بہلا مغربی اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلکتہ پولیس نے بغیر کسی وجہ کہ متھن چکرورتی کو میرے حلقے انتخاب میں روڈ شو کی اجازت نہیں دی ہے۔ ترنمول کانگریس غیر جمہوری اقدام کے ذریعہ اپنے آنے والے نقصان کو نہیں ٹال سکتی۔ چٹرجی نے کہا کہ کیا ریاستی حکومت اقتدار کھونے سے خوفزدہ ہے؟
پیرسری پولیس اسٹیشن کے سامنے بی جے پی پارٹی کارکنان نے ترنمول کانگریس کے خلاف نعرے بازی کی۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے بدھ کی شب شہر پولیس کی جانب سے روڈ شو کی درخواست منسوخ کرنے کے بعد بہالا کے علاقے میں بالی ووڈ سپر اسٹار کے ذریعہ ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی اجازت طلب کی تھی۔ مگرآخری لمحے میں بھی گھر گھر مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ کلکتہ پولیس نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ بعد میں بی جے پی امیدوار نے متھن چکرورتی کے بغیر روڈ شو نکالا۔
یہاں سے ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر پارتھو چٹرجی امیدوار ہیں۔ پارتھو چٹرجی نے کہا کہ متھن چکرورتی کا روڈ شو رد کرانے میں ترنمول کانگریس کا ہاتھ نہیں ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ بہالا کے عوام ترنمول کانگریس کے ساتھ ہیں۔ بی جے پی کی امیدوار ڈراما کر رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔