پاکستان میں کورونا کے 5 ہزار سے زیادہ نئے معاملات، 98 افراد فوت
پاکستان بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 5 ہزار 517 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 124 افراد کا اس موذی مرض سے انتقال ہوگیا۔
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کیے گئے متعدد اقدامات کے باوجود کورونا کی تیسری لہر کم ہوتی نظر نہیں آرہی ہے- گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے معاملات کی تعداد 19 جون کے بعد سب سے زیادہ رہی۔ میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق کووِڈ- 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار تین سو انتیس (5329) افراد وائرس سے متاثر پائے گئے، جبکہ 98 مریضوں کا اس وبا سے انتقال ہوگیا۔
وائرس کی جانچ کے لیے 7 اپریل کو مجموعی طور پر 49 ہزار 816 نمونے لئے گئے جس کے نتیجے میں کورونا معاملات مثبت آنے کی شرح 10.7 فیصد رہی، جبکہ فعال معاملات 66 ہزار 994 تک پہنچ چکے ہیں۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 5 ہزار 517 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 124 افراد کا اس موذی مرض سے انتقال ہوگیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 610 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 23 ہزار 399 مریض شفا یاب ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مودی مہنگائی اور اخراجات پر بھی گفتگو کریں: راہل گاندھی
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔ معاملات میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیئے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔