دیوالی سے قبل مرکزی حکومت نے ملازمین کو دیا تحفہ، مہنگائی بھتہ 4 فیصد بڑھانے کا اعلان

کابینہ نے مرکزی حکومت کے ملازمین اور پنشن حاصل کرنے والوں کے لیے مہنگائی بھتہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، پہلے انھیں مہنگائی بھتہ 42 فیصد ملتا تھا جو بڑھا کر 46 فیصد کر دیا گیا ہے۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت نے اپنے ملازمین کو دیوالی سے قبل ایک بڑا تحفہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ نے مرکزی حکومت کے ملازمین اور پنشن حاصل کرنے والوں کے لیے ڈی اے یعنی مہنگائی بھتہ میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گویا کہ جو مہنگائی بھتہ پہلے 42 فیصد ملتا تھا، اب یہ بڑھا کر 46 فیصد کر دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے ملازمین کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوگا اور وہ بڑھتی مہنگائی سے نمٹنے میں کافی حد تک کامیاب ہو جائیں گے۔

مرکزی حکومت کے اس قدم سے وَرک فورس کے ایک بڑے حصے کے ساتھ ساتھ سبکدوش ملازمین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ معاشی چیلنجز کے درمیان یہ ان کے لیے بڑی راحت بھری خبر ہے۔ ڈی اے میں اضافہ کے فیصد سے متعلق فی الحال حتمی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی کوئی اعلان کیا جائے گا تاکہ ملازمین کو زیادہ وضاحت مل سکے۔


مہنگائی بھتہ میں اضافہ کے فیصلے کو تہواروں سے ٹھیک پہلے حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت کے ملازمین کو بڑا تحفہ تصور کیا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز کابینہ نے اس کی منظوری دی ہے۔ اب ملازمین کو 46 فیصد کی شرح سے مہنگائی بھتہ ملے گا۔ اسے یکم جولائی 2023 سے نافذ کیا گیا ہے۔ اس کا فائدہ 48 لاکھ سے زیادہ مرکزی حکومت کے ملازمین اور تقریباً 65 لاکھ پنشن حاصل کرنے والوں کو ملے گا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت کے ملازمین اور پنشن یافتگان کو اب مہنگائی بھتہ کی نئی شرحوں کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔ اکتوبر کی تنخواہ کے ساتھ ہی نئی شرحوں کے حساب سے ہی تنخواہ کی ادائیگی ہوگی۔ اس میں جولائی، اگست، ستمبر کا ایریر بھی شامل ہوگا۔ سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے مہنگائی بھتہ بڑھایا گیا ہے۔ 4 فیصد کے اضافہ کے ساتھ مہنگائی بھتہ 42 فیصد سے بڑھ کر 46 فیصد ہو گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے جلد ہی اس بارے میں رسمی اعلان کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔