15 اگست کی تقریبات میں اسلاف کی قربانیوں پر روشنی ضرور ڈالیں: مولانا انیس الرحمن قاسمی
مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ ہمارے ملک کے اندر آزادی کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی، تو ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ بھی ہے کہ ہم محض یوم آزادی کا جشن نہ منائیں، سسٹم میں اپنی حصہ داری بھی طلب کریں۔
پھلواری شریف: آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا ہے کہ ہر سال 15 اگست کو ملک گیر سطح پر یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ موجودہ دور میں ملک ہندوستان کے اندر جمہوری اقدار اوراس کے سماجی وسیاسی تانے بانے کو غیرمعمولی نقصان پہچایا گیا ہے، جس سے ملک نفرت کے بارودی ڈھیروں پر جا رہا ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی اور اپنے اسلاف کی خدمات کو اس طرح نہیں یاد کیا، یا کرایا، جیسا کہ ہماری ذمہ داری تھی۔ امید ہی نہیں یقین بھی ہے کہ ہم اپنے مجاہدین آزادی نیز اسلاف کی قربانیوں کے حوالے سے اپنے جلسوں میں مثبت انداز میں گفتگو کریں گے۔
مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آج جب کہ ہمارے ملک کے اندر آزادی کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی، ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ بھی ہے کہ ہم محض یوم آزادی کا جشن نہ منائیں، بلکہ اپنے حقوق کی بازیابی کے ساتھ ملک کے سسٹم میں اپنی حصہ داری بھی طلب کریں؛ کیوں کہ بحیثیت ایک شہری ہم سبھوں کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ مسلمان ہندوستان کی تحریک آزادی میں بہت آگے آگے رہے ہیں، مسلمانوں نے جنگ آزادی میں بھرپور حصہ لیا تھا۔ یہ بات بہت مضبوطی کے ساتھ کہنے میں کسی تامل کی ضرورت نہیں اورنئی نسل کو آزادیٔ فکر و انصاف، مساوات اور امن عامہ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔
مولانا قاسمی نے اس دوران مدارس، اسکول اورکالج و اداروں اور ملی کونسل کے مقامی ذمہ داروں سے کہا کہ وہ 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کو درج بالا نکات کو پیش نظر رکھ کر منائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔