کانگریس سے منسلک 30 ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک، پرینکا نے ٹوئٹر پر لگایا حکومت کے ساتھ مل کر جمہوریت کا گلا گھونٹنے کا الزام

سب سے پہلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے اکاؤنٹ پر ٹوئٹر نے پابندی عائد کی تھی، پھر کانگریس پارٹی اور دیگر لیڈروں کے اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

تنویر

مرکز کی مودی حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان رسہ کشی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، اور پارلیمنٹ میں، خصوصاً راجیہ سبھا میں بدھ کے روز جو کچھ ہوا اس پر الزامات در الزامات کا دور آج دن بھر جاری رہا۔ اس درمیان بڑی تعداد میں کانگریس اور پارٹی لیڈران کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کیے جانے کا معاملہ پوری طرح سے گرمایا ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اور اس کے لیڈروں کے اب تک کم و بیش 30 ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیے جا چکے ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر بی جے پی حکومت کے ساتھ مل کر جمہوریت کا گلا گھونٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔

دراصل سب سے پہلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے اکاؤنٹ پر ٹوئٹر نے پابندی عائد کی تھی، پھر کانگریس پارٹی اور دیگر لیڈروں کے اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ کانگریس میڈیا سیل کے ذریعہ دی گئی اطلاع کے مطابق کانگریس کے 20 سے زائد لیڈروں اور پارٹی کے تقریباً نصف درجن اکاؤنٹ کو ٹوئٹر نے لاک کر دیا ہے۔ ٹوئٹر کی اس کارروائی کے رد عمل میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کے بیشتر لیڈروں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈی پی میں راہل گاندھی کی تصویر لگا لی۔ کئی لیڈروں نے تو اپنے ٹوئٹر ہینڈل کا نام بدل کر راہل گاندھی رکھ لیا۔


کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانگریس لیڈروں کا ٹوئٹر بلاک کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’کانگریس لیڈروں کا اکاؤنٹ معطل کر کے ٹوئٹر اپنی پالیسی پر عمل کر رہا ہے یا مودی حکومت کی؟ اسی طرح کی تصویر شیئر کرنے کے باوجود ٹوئٹر نے ایس سی کمیشن کے اکاؤنٹ کو لاک کیوں نہیں کیا؟ بڑی تعداد میں کانگریس لیڈروں کے اکاؤنٹ لاک کر ٹوئٹر بی جے پی حکومت کے ساتھ مل کر جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ جن کانگریس لیڈروں کا ٹوئٹر ہینڈل لاک کیا گیا ہے ان کے نام ہیں راہل گاندھی، رندیپ سرجے والا، اجے ماکن، کے سی وینوگوپال، منکم ٹیگور، سشمتا دیو، جتیندر سنگھ الور، پونم پربھاکر، ہریش سنگھ راوت، گنیش گودیال، پرنو جھا، پون کھیرا، روہن گپتا، انل کمار چودھری، رپن بورا، مدن موہن جھا، رجنی پاٹل، چیلا کمار، ریونت ریڈی، جتیندر سنگھ الور، بالا صاحب تھوراٹ گورو ولبھ۔ علاوہ ازیں 7 پارٹی ہینڈل کو بھی بلاک کیا گیا ہے جس میں کانگریس (پارٹی کا اصل ٹوئٹر ہینڈل)، ممبئی ریجنل کانگریس کمیٹی، مہاراشٹر کانگریس کمیٹی، گجرات کانگریس کمیٹی، راجستھان کانگریس کمیٹی، دمن اینڈ دیو کانگریس کمیٹی اور تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے نام شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔