بارشوں کے بعد شدید گرمی کے لئے رہیں تیار! موسم گرما پر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس مدت کے دوران وسطی، مشرقی اور شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں گرمی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
گرمی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کے بیشتر علاقوں میں اپریل سے جون کے درمیان شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ (یکم اپریل) کو کہا کہ شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں اور جزیرہ نما خطہ کو چھوڑ کر ملک کے بیشتر حصوں میں اپریل سے جون تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے کہا کہ اس مدت کے دوران وسطی، مشرقی اور شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں گرمی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپریل کے مہینے میں بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اپریل میں معمول کی بارش کا امکان ہے۔ شمال مغربی، وسطی اور جزیرہ نما خطہ کے بیشتر حصوں میں معمول یا معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے جبکہ مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں معمول سے کم بارش کا امکان ہے۔


شدید گرمی کے امکان کے بارے میں آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے کہا کہ بہار، جھارکھنڈ، اتر پردیش، اوڈیشہ، مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، گجرات، پنجاب اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 2023 میں گرمیوں کے موسم (اپریل تا جون) کے دوران جنوبی جزیرہ نما ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی جزیرہ نما ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا اس سے کم رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال مشرقی اور شمال مغربی ہندوستان کے دور دراز علاقوں اور جزیرہ نما خطہ کو چھوڑ کر ملک کے بیشتر حصوں میں کم از کم درجہ حرارت معمول کے مطابق یا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔