شرد پوار کے لیے بری خبر! مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر نے اجیت پوار گروپ کو ہی اصل این سی پی قرار دیا

اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ ’’شرد پوار گروپ کی یہ دلیل خارج کی جاتی ہے کہ اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر معاملے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>شرد پوار اور اجیت پوار</p></div>

شرد پوار اور اجیت پوار

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: این سی پی اراکین اسمبلی کی اہلیت معاملے میں مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انھوں نے اجیت پوار گروپ کو اصل این سی پی قرار دیا ہے۔ اسپیکر کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کے پاس 41 اراکین اسمبلی کی حمایت ہے جو کہ اکثریت میں ہیں، اس لیے اصل این سی پی اجیت پوار کا گروپ ہی ہے۔

اپنے فیصلے میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ ’’شرد پوار گروپ کی یہ دلیل خارج کی جاتی ہے کہ اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر معاملے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ میرا ماننا ہے کہ اصل سیاسی پارٹی کو اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر ہی شناخت کیا جا سکتا ہے۔ اجیت پوار کے پاس اراکین اسمبلی کی اکثریت (41 اراکین اسمبلی) ہے اور اس لحاظ سے اجیت پوار کا گروپ ہی اصل سیاسی پارٹی ہے۔‘‘


مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر نے جمعرات (15 فروری) کو این سی پی ممبران اسمبلی کی اہلیت کے معاملے میں اپنا یہ فیصلہ سنایا۔ اپنے فیصلے میں انہوں نے تمام اراکین اسمبلی کو اہل قرار دیا اور نااہلی کی تمام درخواستوں کو منسوخ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کے پاس 41 اراکین اسمبلی ہیں جو کہ اکثریت میں ہیں۔

اس سے قبل اسمبلی اسپیکر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’مجھے تعین کرنا ہے کہ اصل سیاسی پارٹی کون ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کا بھی فیصلہ کرنا ہے کہ دونوں گروپ میں سے کون نااہل ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’’شیوسینا سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ این سی پی معاملے میں بھی مثال بنے گا۔‘‘ اس سے قبل 6 فروری کو بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے سے شرد پوار کو بڑا جھٹکا لگا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں اجیت پوار گروپ کو اصل این سی پی قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’’اجیت پوار گروپ کو این سی پی کا نام اور انتخابی نشان استعمال کرنے کا حق ہے۔‘‘ ساتھ ہی کمیشن نے شرد پوار سے اپنی پارٹی کے لیے تین نئے نام دینے کو کہا تھا اور شرد پوار کی جانب سے پیش کردہ تین ناموں میں سے ایک ’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی – شرد چندر پوار‘ کو منظوری دے دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔