بابا صدیقی نے سلمان اور شاہ رخ کے درمیان پانچ سال پرانی 'دشمنی' ختم کرائی تھی
2013 میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان 'دشمنی' ختم کرنے والے بابا صدیقی کو باندرہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ صدیقی نے حال ہی میں کانگریس چھوڑ کر این سی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
مہاراشٹر کی سیاست کا ایک ممتاز چہرہ اور بالی ووڈ کے دو بڑے ستاروں سلمان خان اور شاہ رخ خان کی دشمنی کو دوستی میں بدلنے والے این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو ہفتے کی رات باندرہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بابا صدیقی اپنے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر میں تھے۔ حملہ آوروں نے ان پر کئی راؤنڈ فائر کیے جس میں ان کے سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ انہیں نازک حالت میں لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
بابا صدیقی نے بالی ووڈ کے دو سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان پانچ سالہ دشمنی کو ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ سال 2008 میں کٹرینہ کیف کی سالگرہ کی تقریب میں دونوں کے درمیان بڑی لڑائی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے بات کرنا چھوڑ دی تھی۔ اس لڑائی کے بعد سلمان اور شاہ رخ نے بڑے ایونٹس میں بھی ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھا اور ان کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔
لیکن 2013 میں بابا صدیقی نے دونوں کو اپنی مشہور افطار پارٹی میں مدعو کیا جہاں دونوں ستارے طویل عرصے بعد ایک دوسرے سے ملے۔ اس پارٹی میں شاہ رخ اور سلمان نے گلے مل کر اپنی پانچ سالہ طویل دشمنی کا خاتمہ کیا۔ یہ لمحہ بالی ووڈ اور ان کے مداحوں کے لیے بہت خاص تھا کیونکہ دونوں سپر اسٹارز کی دشمنی نے انڈسٹری میں ہلچل مچا دی تھی۔ اس پارٹی کے بعد دونوں کے درمیان تلخی ختم ہوگئی اور اب دونوں ایک دوسرے کے اچھے دوست مانے جاتے ہیں۔ سلمان اور شاہ رخ کے درمیان دوستی اور دشمنی ہمیشہ سے بالی ووڈ کی مشہور کہانیوں میں سے ایک رہی ہے۔ دونوں نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور تب سے دوستی تھی۔
بابا صدیقی نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک طالب علم رہنما کے طور پر کیا۔ وہ بی ایم سی میں کارپوریٹر منتخب ہوئے اور بعد میں باندرہ ویسٹ سے تین بار رکن اسمبلی بھی بنے۔ 2004 سے 2008 تک انہوں نے مہاراشٹر میں وزیر مملکت کے طور پر کام کیا۔ انہیں مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ممبئی ڈویژن کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔ اس سال فروری میں، وہ کانگریس چھوڑ کر این سی پی (اجیت پوار) میں شامل ہوئے، جس کی وجہ سے انہوں نے کانگریس پارٹی کی 48 سالہ رکنیت کو الوداع کہہ دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔