بابا صدیقی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک، قتل کے تین ملزمان گرفتار، تین تاحال فرار

بابا صدیقی قتل کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے اس معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ تین ابھی تک مفرور ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کل یعنی 13 اکتوبر کی شام بابا صدیقی کی باندرہ رہائش گاہ کے باہر نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ان کی جسد خاکی کو ممبئی لائنز کے بڑے قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی آخری رسومات میں این سی پی (اجیت پوار) کی تمام اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجیت پوار، پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے سے لے کر سبھی بڑے لیڈر بڑےقبرستان میں موجود تھے۔

بابا صدیقی کے قتل کے بعد فلمی اداکار سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ سلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے کیونکہ لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کے گھر پر رواں سال اپریل میں فائرنگ کی تھی۔ بابا صدیقی کے نہ صرف سیاسی حلقوں میں  بلکہ بالی ووڈ ستاروں سے بھی اچھے تعلقات تھے۔


پولیس بابا صدیقی کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے کے زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔ ان کے قتل کی وجہ صدیقی کی سلمان خان کے ساتھ دوستی کو سمجھا جاتا ہے۔ بشنوئی گینگ اس سے قبل گلوکار اے پی ڈھلون اور گپی گریوال کے گھروں پر نہ صرف ممبئی بلکہ بیرون ملک بھی فائرنگ کر چکا ہے۔ سلمان خان کے علاوہ بابا صدیقی کیس میں ایس آر اے پروجیکٹ بھی ہوسکتا ہے۔ کیونکہ بابا صدیقی ان علاقوں میں ایس آر اےکے تمام منصوبوں میں ضرور ملوث تھے۔

ممبئی میں سیاسی قتل کے واقعات عام طور پر نہیں ہوتے لیکن بابا صدیقی کی کئی لوگوں سے سیاسی دشمنی ہے۔ اس وجہ سے پولس اس معاملے کی گہرائی سے اس زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔ اب تک کی تفتیش سے پولیس کو پتہ چلا ہے کہ یہ کانٹریکٹ کلنگ کا معاملہ ہے تاہم یہ ٹھیکہ کس نے دیا اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


بابا صدیقی کے قتل کے تیسرے ملزم پروین لونکر کو بھی ممبئی کرائم برانچ نے گرفتار کر لیا ہے۔ پونے کے دھرم راج کشیپ اور شیو پرساد گوتم ایک اسکریپ کی دکان میں کام کرتے تھے اور اس کے ساتھ ہی پروین لونکر کی ڈیری تھی۔ پروین لونکر سبو لونکر کے بھائی ہیں۔ سبو لونکر نے آج صبح سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا تھا۔ اس میں اس نے بشنوئی گینگ کی ذمہ داری لینے کی بات کہی تھی۔

پروین لونکر پر اس قتل کے لیے دھرم راج کشیپ اور شیو پرساد گوتم کی خدمات حاصل کرنے کا الزام ہے۔خبروں کے مطابق  پروین کو اس کے بھائی سبو لونکر نے ایسا کرنے کو کہا۔ پولیس اس معاملے میں سبو لونکر کو ماسٹر مائنڈ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔