متھرا: خودکشی کی دھمکی دینے والا چھیڑخانی کا ملزم بابا گرفتار، ’پولیس شری کرشن جنم بھومی شاہی عیدگاہ یاترا کو کمزور کرنا چاہتی ہے!‘
بابا نے کہا کہ میں ہندوتوا کے لیے کام کر رہا ہوں اور کچھ لوگ مجھے روکنا چاہتے ہیں۔ پولیس 6 دسمبر کو شری کرشن جنم بھومی - شاہی عیدگاہ کی پد یاترا کو کمزور کرنا چاہتی ہے، یہ میرے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔
متھرا: اتر پردیش کے متھرا میں ایک خاتون نے سنت دیو مراری باپو نام کے ایک بابا کے خلاف چھیڑ خانی اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ اس کے بعد بابا نے خودکشی کی دھمکی دے ڈالی۔ تاہم، پولیس نے بابا مراری کو گرفتار کر لیا۔
’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق معاملہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے الزام عائد کیا کہ وہ 3 اکتوبر کو اسکوٹی پر اپنے گھر جا رہی تھی۔ خاتون نے کہا کہ جب وہ دیو مراری کے گھر کے سامنے پہنچی تو وہاں بنائے گئے اسپیڈ بریکر پر گر گئی، جب اس نے اسپیڈ بریکر کو غلط قرار دیتے ہوئے لوگوں کو گرجانے کے بارے میں بتایا تو بابا دیو مراری نے مبینہ طور پر اسے گالیاں دینا شروع کر دیں اور اسے غلط طریقہ سے دھکا دیا۔
متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ کشور پورہ کے رہنے والے سوربھ گوتم اور گورو گوتم پر اس کے 35 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ اس حوالے سے عدالت میں کیس بھی چل رہا ہے۔ کچھ دن پہلے دیو مراری باپو، سوربھ، گورو اور دیگر دو لوگوں کے ساتھ اس کے گھر پہنچا اور گالی گلوچ کرتے ہوئے اسلحہ نکال کر مقدمہ واپس لینے کی دھمکی دی اور 10 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔
متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ 3 دن پہلے ملزم نے ایک کار سے اس کا تعاقب کیا تھا، جس میں متعدد لوگ سوار تھے۔ متاثرہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے اسے ایک بار پھر سے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس سلسلے میں اس نے کوتوالی میں سنت دیو مراری باپو، گورو، سوربھ اور دو دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ کوتوالی انچارج اجے کوشل نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر گورو گروور نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا، بدھ کے روز دیو مراری باپو نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کا خاتون سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اس کا خاتون کے ساتھ کسی رقم کے لین دین کا معاملہ ہے۔ بابا نے کہا کہ اس نے نہ تو خاتون کو کوئی دھمکی دی ہے اور نہ ہی گالی دی ہے۔
بابا نے کہا کہ ’’دراصل بات یہ ہے کہ میں ہندوتوا کے لیے کام کر رہا ہوں اور کچھ لوگ مجھے روکنا چاہتے ہیں۔ پولیس 6 دسمبر کو شری کرشن جنم بھومی - شاہی عیدگاہ کی پد یاترا کو کمزور کرنا چاہتی ہے، یہ میرے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔‘‘ بابا نے ویڈیو میں دھمکی دی کہ وہ دوپہر 2 بجے خودکشی کر لے گا لیکن اس سے پہلے ہی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔