ایودھیا: رام جنم بھومی احاطہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس الرٹ، فون کرنے والے کی تلاش شروع

ایس پی سٹی مدھوبن سنگھ کا کہنا ہے کہ رام للا سدن میں رہنے والے منوج کمار اس وقت پریاگ راج ماگھ میلے میں ہیں، جمعرات کی صبح تقریباً پانچ بجے ان کے موبائل پر دھمکی بھرا فون آیا تھا۔

سیکورٹی، تصویر آئی اے این ایس
سیکورٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایودھیا میں زیر تعمیر رام جنم بھومی احاطہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے جس کے بعد علاقہ میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ رام جنم بھومی احاطہ میں رہنے والے منوج کمار کو کسی نامعلوم شخص نے فون کر یہ دھمکی دی ہے۔ منوج کی اطلاع پر رام جنم بھومی تھانہ میں کیس درج کر لیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ معاملہ کی جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے اور پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ دھمکی کس نے دی ہے، لیکن فون کرنے والے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس پی سٹی مدھوبن سنگھ کا کہنا ہے کہ رام للا سدن میں رہنے والے منوج کمار اس وقت پریاگ راج ماگھ میلے میں ہیں۔ جمعرات کی صبح تقریباً پانچ بجے ان کے موبائل پر ایک فون آیا۔ جب منوج نے پوچھا کہ آپ کون ہیں اور کہاں سے بول رہے ہیں، تو فون کرنے والے نے کہا کہ میں دہلی سے بول رہا ہوں۔ ساتھ ہی اس نے دھمکی دی کہ آج صبح 10 بجے تک رام جنم بھومی کو اڑا دوں گا۔ منوج کے ذریعہ پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد مقدمہ درج کر جانچ شروع کر دی گئی ہے۔


رام جنم بھومی کو اڑانے کی دھمکی دیے جانے کی خبر ملنے کے بعد پولیس نے چیکنگ مہم تیز کر دی ہے اور جس نمبر سے فون آیا تھا اس کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ رام جنم بھومی احاطہ کے آس پاس سیکورٹی میں تعینات جوانوں کو مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حالانکہ بم سے اڑانے کی دھمکی صبح 10 بجے کے لیے دی گئی تھی اور وہ وقت گزر چکا ہے، لیکن پھر بھی پولیس ہر طرح الرٹ ہے۔

واضح رہے کہ رام مندر کے لیے دو شالیگرام شلا نیپال سے لائی گئی ہیں۔ جنک پور سے لائی گئی دیوشلا کا نیپال کے سابق نائب وزیر اعظم جانکی مندر کے مہنت نے پوجن کیا۔ پھر ویدک رواج سے پوجا ہونے کے بعد شالیگرام شلا شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ کے حوالے کی گئی۔ شالیگرام شلاؤں کے ہندوستان میں داخل ہوتے ہی جگہ جگہ پھولوں کی بارش کر اس کا استقبال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایودھیا پہنچنے پر شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے، ٹرسٹی ڈاکٹر انل مشر سمیت کئی لوگوں نے بھی گلپوشی کر اس کا استقبال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔