محتاط رہیے، ٹرین میں آپ کی زندگی سے ہو رہا کھلواڑ! ڈھائی سالہ بچی کو آملیٹ میں نکلا کاکروچ
راجدھانی ایکسپریس میں ایک ڈھائی سالہ بچی کے لیے اس کے گھر والوں نے ایک آملیٹ منگوایا تھا، اس آملیٹ میں ایک کاکروچ نکلا، جس کی تصویر لے کر گھر والوں نے ریلوے وزارت کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ کر دیا۔
راجدھانی ایکسپریس ریلوے کی سب سے بھروسہ مند مانی جانے والی ٹرین ہے، لیکن اس ٹرین کے بھی کیٹرنگ ڈپارٹمنٹ کی غلطی نے ریلوے کو پھر سے سوالوں کے گھیرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ سامنے آ رہی خبروں کے مطابق دہلی سے ممبئی جا رہی راجدھانی ایکسپریس میں ایک ڈھائی سال کی بچی کے لیے اس کے گھر والوں نے ایک آملیٹ منگوایا تھا۔ اس آملیٹ میں ایک کاکروچ نکلا، جس کی تصویر لے کر گھر والوں نے اسے ریلوے وزارت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم دفتر کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ کر دیا۔ اس ٹوئٹ پر ریلوے سروس نے ریپلائی بھی دیا ہے اور مسافر سے اس کا پی این آر نمبر کے ساتھ ساتھ موبائل نمبر بھی براہ راست میسج کرنے کو کہا۔ علاوہ ازیں اس واقعہ کے لیے افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوگیش مورے نام کے ایک شخص نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ وزیر اعظم دفتر اور ریلوے کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کچھ تصویر شیئر کی ہے، جس میں اس نے لکھا ہے کہ 16 دسمبر 2022، میں دہلی سے ٹرین نمبر 22222 سے سفر کر رہا تھا۔ صبح میں ہم نے اپنی ڈھائی سال کی بچی کے لیے ایک ایکسٹرا آملیٹ آرڈر کیا اور جب آملیٹ آیا تو اس میں ایک کاکروچ مرا ہوا پڑا تھا، جس کی شکایت ہم نے ٹرین میں بھی کی۔ اس نے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر اس کی ڈھائی سال کی بیٹی کو کچھ ہو جاتا تو اس کے لیے کون ذمہ دار ہوتا!
مسافر کے ذریعہ کیے گئے اس ٹوئٹ کے جواب میں ریلوے سروس نے لکھا ہے "اس واقعہ کے لیے افسوس ہے۔ سر، برائے کرم اپنا پی این آر نمبر اور موبائل نمبر ڈائریکٹ میسج کریں۔ آئی آر سی ٹی سی آفشیل۔" فی الحال یہ ٹوئٹ وائرل ہو رہا ہے اور اس پر طرح طرح کے تبصرے سوشل میڈیا پر کیے جا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔