مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ افسوس ناک: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا کہ ممتا بنر جی پر انتخابی ریلی کے دوران حملہ ہونے پر سخت افسوس ہوا۔ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر انتخابی تشہیر کے دوران ہونے والے مبینہ حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔ انہوں نے ممتا بنرجی کی جلد صحتیابی اور ان کی انتخابی مہم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہیں۔

ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’ممتا بنر جی پر انتخابی ریلی کے دوران حملہ ہونے پر سخت افسوس ہوا۔ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں اور ان کی انتخابی مہم کے لئے میری نیک خواہشات ہیں‘۔


دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ممتا بنرجی پر مبینہ حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’ہم (میں اور میرے والد) انتخابی مہم کے دوران ممتا بنرجی پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انتخابی مہموں کے دوران ہونے والی گرما گرمی جسمانی تشدد پر مبنی نہیں ہونی چاہیے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس مسئلے کی تہہ تک پہنچے گا‘۔

قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی بدھ کے روز نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہوئی تھیں۔ ان کی پارٹی ترنامول کانگریس کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پیر، کاندھوں اور گردن میں چوٹ آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔