نئے سال کے آغاز پر راجدھانی دہلی دھند کی چادر میں لپٹی، درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک گرا

آئی ایم ڈی کی یومیہ پیشن گوئی کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں کم از کم درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری گرنے کا امکان ہے اور اس کے بعد کوئی تبدیلی نہیں ہوگی

دہلی میں دھند / Getty Images
دہلی میں دھند / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں نئے سال کا آغاز دھند کے ساتھ ہوا ہے۔ ہفتہ کی صبح راجدھانی دھند کی گھنی چادر میں لپٹی ہوئی نظر آئی اور کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک گر کر زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سیلسیس رہ گیا۔ یہ اطلاع ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دی۔ آئی ایم ڈی کا خیال ہے کہ قومی راجدھانی میں 3 جنوری تک سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی کی یومیہ پیشن گوئی کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں کم از کم درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری گرنے کا امکان ہے اور اس کے بعد کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ہندوستان کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری تک گر گیا ہے۔


دریں اثنا، دہلی کی پڑوسی ریاستوں پنجاب، راجستھان اور ہریانہ اور یوپی (مغربی) کو بھی 3 جنوری تک شدید سردی کی لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آئی ایم ڈی نے کہا ’’پنجاب کے کچھ حصوں میں 30 دسمبر سے 3 جنوری تک، شمالی راجستھان میں 31 دسمبر سے 3 جنوری تک اور ہریانہ اور چنڈی گڑھ میں 31 دسمبر سے 2 جنوری تک شدید سردی کی لہر چلنے کا امکان ہے۔"

شدید سردی کی لہر کے دوران کم از کم درجہ حرارت معمول سے 2 ڈگری سے 6.4 ڈگری تک گر جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی-این سی آر میں 5 اور 6 جنوری کو سال کی پہلی بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ 6 جنوری تک کم از کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 4 سے 9 ڈگری سیلسیس اور 20 سے 21 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔