پی ایم او کے حکم پر آسام پولیس نے مجھے گرفتار کیا: جگنیش میوانی
جگنیش میوانی نے کہا کہ آرایس ایس کے لوگوں نے پہلے ہندوستانی آئین کو سمندر میں پھینکنے کو کہا تھا۔ اس لئے ہم آرایس ایس اور بی جے پی سے جمہوری کام کی توقع نہیں کرسکتے۔ وہ ملک میں سب کچھ تباہ کر رہے ہیں۔
گوہاٹی: گجرات کے آزاد ایم ایل اے جگنیش میوانی نے ہفتہ کو کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی ہدایت پر آسام پولیس نے انہیں گرفتار کیا ہے۔ جمعہ کو آسام کے بارپیٹا میں ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے انہیں ضمانت دی تھی۔ گوہاٹی میں آسام کانگریس کی طرف سے دیئے گئے ایک عظیم الشان استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے جگنیش میوانی نے کہا کہ پی ایم او کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، آسام پولیس وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کے بعد انہیں گرفتار کرنے گجرات گئی تھی۔ جس میں لوگوں سے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اپریل ماہ میں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ: مرکزی کوئلہ وزیر
جگنیش میوانی راشٹریہ دلت ادھیکار منچ کے کنوینر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے آسام لانے اور کوکراجھار کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد، آسام پولیس نے ایک بار پھر بزدلانہ انداز میں ایک خاتون پولیس افسر کو قربانی کا بکرا بنا کر مجھے گرفتار کیا۔ گجرات کے ایک ایم ایل اے کو گرفتار کرنے سے بے روزگاری، بجلی، کسانوں اور آسام کے دیگر پسماندہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے، اسے آسام کے لوگوں کو محسوس کرنا چاہیے۔
جگنیش میوانی نے کہا کہ آسام پولیس کے "بڑے پیمانے پر ماورائے حراستی قتل" کو روکا جانا چاہئے اور لوگوں کو اس طرح کی "وحشیانہ حرکتوں" کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ "آر ایس ایس کے لوگوں نے پہلے ہندوستانی آئین کو سمندر میں پھینکنے کو کہا تھا۔ اس لئے ہم آر ایس ایس اور بی جے پی سے جمہوری کام کی توقع نہیں کر سکتے۔ وہ ملک میں سب کچھ تباہ کر رہے ہیں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔