اپریل ماہ میں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ: مرکزی کوئلہ وزیر

پرہلاد جوشی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کول انڈیا ہندوستان کی توانائی کی حفاظت کو مضبوط کر رہا ہے اور کمپنی نے اپریل میں (پیداوار اور انخلاء) میں نمایاں اضافہ درج کیا ہے۔

پرہلاد جوشی، تصویر آئی اے این ایس
پرہلاد جوشی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: ملک میں بجلی کی کٹوتی اور پاور اسٹیشنوں میں کوئلے کی کمی کی شکایات کے درمیان، مرکزی کوئلہ وزیر پرہلاد جوشی نے گزشتہ روز کہا کہ اپریل کے پہلے 29 دنوں میں کوئلے کی پیداوار میں 12 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پرہلاد جوشی نے ٹوئٹر پر کہا کہ کوئلے کے ذخائر سے کوئلے کے اخراج میں پچھلے کچھ دنوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پرہلاد جوشی نے کہا کہ 1 سے 29 اپریل کے درمیان کول انڈیا لمیٹڈ نے کوئلے کی پیداوار میں 12 فیصد کے اضافے کے ساتھ 19 لاکھ ٹن کی پیداوار کی۔ اسی طرح کوئلے کی کھپت بھی یکم اپریل کو 16 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 29 اپریل کو 1.9 ملین ٹن ہوگئی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ “کول انڈیا ہندوستان کی توانائی کی حفاظت کو مضبوط کر رہا ہے اور کمپنی نے اپریل میں (پیداوار اور انخلاء) میں نمایاں اضافہ درج کیا ہے۔


واضح رہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے ریاستی حکومتوں اور صنعتی تنظیموں کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ کوئلے سے چلنے والے پاور اسٹیشنوں میں کوئلے کی کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور بجلی کی کٹوتی کرنی پڑ رہی ہے۔ اس سال بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت مغربی شمالی ہندوستان میں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ چل رہا ہے۔

جمعہ کو ملک میں بجلی کی سب سے زیادہ طلب 2,07,111 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ پرہلاد جوشی نے حال ہی میں کہا تھا کہ تھرمل پاور اسٹیشنوں میں 22 ملین ٹن کوئلے کا ذخیرہ ہے جو کہ 10 دن کے لیے کافی ہے اور انہیں کوئلے کی سپلائی جاری رہے گی۔ تاہم کچھ صنعتی اداروں نے کہا ہے کہ زیادہ تر پاور اسٹیشنوں میں صرف 5-7 دن کا کوئلہ ہی بچا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔