یمونوتری دھام کھلتے ہی زیارت کے لیے امڈ پڑے عقیدت مند، پولیس کو مزید لوگوں کو آنے سے روکنے کی کرنی پڑی اپیل

اتراکھنڈ میں چار دھام یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی بڑی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ یمونوتری دھام کا ایک ویڈیو وائرل ہوا، جس کے بعد دھامی حکومت کی تیاریوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>یمونوتری دھام جانے والوں کی بھیڑ/ ویڈیو گریب</p></div>

یمونوتری دھام جانے والوں کی بھیڑ/ ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

بدری ناتھ دھام کے دروازے کھلنے کے ساتھ ہی اتراکھنڈ کے چاروں دھاموں کیدارناتھ، بدری ناتھ، یمونوتری اور گنگوتری کا سفر شروع ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق پہلے ہی دن ریکارڈ تعداد میں 32 ہزار عقیدت مند کیدارناتھ پہنچے جن میں یمونوتری جانے والے عقیدت مندوں کی بھی بڑی بھیڑ ہے۔ اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں پہاڑی سڑک پر عقیدت مندوں کا ایک ہجوم نظر آرہا ہے۔ ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد ہی ریاستی حکومت کی تیاریوں پر سوال اٹھنے لگے۔

اسی درمیان اترکاشی پولیس نے اتوار کی صبح ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے ’’کیپیسٹی کے مطابق آج کافی تعداد میں عقیدت مند یمونوتری دھام پہنچ چکے ہیں۔ اب مزید عقیدت مندوں کو بھیجنا جوکھم بھرا ہے۔ ان تمام عقیدت مندوں سے عاجزانہ اپیل ہے جو آج یمونوتری یاترا پر آرہے ہیں، آج یمونوتری کا سفر ملتوی کر یں۔‘‘

اتوار کو جیسے ہی یمنوتری کی خطرناک صورتحال کو ظاہر کرنے والا ویڈیو منظر عام پر آیا، عقیدت مندوں کی حفاظت کو لے کر خدشات پیدا ہونے لگے اور لوگوں نے عقیدت مندوں کے انتظامات پر سوال اٹھانا شروع کر دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ نہ تو آگے بڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی پیچھے جا سکتے ہیں۔ کچھ لوگ خطرناک پہاڑوں پر چڑھتے نظر آتے ہیں اور اس بھیڑ میں خچر اور گاڑی والے بھی پھنس گئے ہیں۔ لوگوں نے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا اور کہا کہ حکومت کو اس پر قابو پانے کے طریقے تلاش کرنے چاہئیں۔


جیسے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوئی، انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور حکومت و انتظامیہ کی طرف سے میڈیا کو صفائی دی جانے لگی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق اترکاشی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارپن یادوونشی نے کہا ہے کہ وائرل ویڈیو جمعہ کو تقریباً 5 بجے جانکی چٹّی اور یمونوتری دھام کے درمیان پیدل جانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہجوم 200 میٹر کے دائرے میں ایک علاقے تک محدود تھا اور بڑی تعداد میں عقیدت مند یمونوتری دھام کی طرف بڑھ رہے تھے۔ شدید بارش کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ اترکاشی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ اس کے نتیجے میں لوگ بارش سے بچنے کے لیے جمع ہوئے جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے اور اس سے افراتفری پھیل گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر پورے علاقے کی صورتحال پر قابو پالیا گیا، کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے بتایا کہ فی الحال حالات معمول پر ہیں اور یمونوتری دھام کی یاترا آسانی سے چل رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔