اب کانپور کے چڑیا گھر میں ہی رہے گا عارف کا دوست سارس، منتظمین کا فیصلہ

سارس کو پچھلے سال مارچ میں کانپور کے چڑیا گھر میں لایا گیا تھا۔ اب اس کا رویہ معمول کے مطابق ہو گیا ہے اور اس نے قدرتی کچی خوراک بھی لینا شروع کر دی ہے

<div class="paragraphs"><p>عارف اپنی دوست سارس کے ساتھ / تصویر:سوشل میڈیا</p></div>

عارف اپنی دوست سارس کے ساتھ / تصویر:سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امیٹھی کے عارف اور سارس کی دوستی کافی مشہور ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں۔ اس سارس کو گزشتہ سال مارچ میں کانپور چڑیا گھر کے ملازمین اپنے ساتھ لے کر چلے گئے تھے اور اسے اس وقت سے چڑیا گھر میں ہی رکھا گیا ہے۔ اس تعلق سے اب خبر یہ ہے کہ وہ سارس اب زندگی بھر کانپور کے چڑیا گھر میں ہی رہے گا۔ یہ اعلان کانپور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے کیا ہے۔ خیال رہے کہ لیب سے آنے والی رپورٹ کے بعد یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ عارف کا دوست سارس نر نہیں بلکہ مادہ ہے۔

کانپور چڑیا گھر کے چیف فارسٹ کنزرویٹر کرشن کمار سنگھ نے کہا ہے کہ اب سارس کو پوری زندگی کانپور کے چڑیا گھر میں ہی رکھا جائے گا۔ وہ اب قدرتی اور کچے خوراک پر آ گئی ہے اور اس کی ایک نر سارس سے دوستی ہو گئی ہے۔ کرشن کمار سنگھ نے بتایا کہ سارس کو ایک بار جنگل میں چھوڑا گیا تھا لیکن اس کی انسانوں کے درمیان رہنے کی عادت پڑ گئی ہے، اس لیے وہ بستیوں کی طرف چلی گئی تھی۔ مادہ سارس کا رویہ اب معمول کے مطابق ہو چکا ہے۔ اس کی خوراک بھی اب جنگل کی زندگی کے مطابق کچی ہو گئی ہے۔


کرشن کمار سنگھ نے مزید کہا کہ سارس پنجرے میں سے کسی بچے یا کسی شخص کو دیکھ کر دوستانہ برتاؤ کرنے لگتی ہے۔ اس کو اگر دوبارہ باہر چھوڑا گیا تو اس بات کا خطرہ ہے کہ وہ بھاگ کر کسی بستی یا کسی کے گھر پہنچ جائے گی۔ ایسی صورت حال میں ہر کوئی اسے پالنا شروع کر دے گا جو ایک غلط رجحان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بادشاہت اور راجوں مہاراجوں کے دور میں اسی طرح چیتے پالنے کی شروعات ہوئی تھی جس کا اثر یہ ہوا کہ جیتے ملک سے ختم ہی ہوتے چلے گئے۔

واضح رہے کہ امیٹھی کے عارف کو ایک سارس زخمی حالت میں ملا تھا۔ علاج کے دوران سارس کی عارف سے دوستی ہو گئی۔ سارس کی عارف کے ساتھ گھومنے پھرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ جنگلات نے سارس کو اپنے قبضے میں لے لیا اور اسے شمس پور چڑیا گھر میں کچھ دنوں کے لیے رکھا۔ چڑیا گھر سے یہ سارس دوبارہ انسانی بستی کی طرف پہنچ گئی تھی۔ اس کے بعد اسے 25 مارچ 2023 کو کانپور کے چڑیا گھر بھیج دیا گیا جہاں اسے پنجرے میں رکھا گیا۔ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو بھی عارف کے ساتھ سارس کو دیکھنے پہنچے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔