یوپی میں پھر دکھائی دی ’ہاتھوں سے اکھڑتی‘ ترقی، لکھیم پور کھیری میں بھی نو تعمیر سڑک ہاتھ لگاتے ہی اکھڑ گئی

یوپی میں ترقی کی سطحیں اب سرعام اکھڑتی دکھائی دے رہی ہیں، ریاست کو گڈھا سے پاک کرنے کی مہم میں جن سڑکوں کو بنایا جا رہا ہے، یا جن کی مرمت ہو رہی ہے وہ ایک کے بعد ایک ہاتھ سے ہی اکھڑ رہی ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ / ویڈیو گریب
یوگی آدتیہ ناتھ / ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں یوگی حکومت کی ’ترقی کا ماڈل‘ اپنی قلعی خود کھولتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک نئی ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ لکھیم پور کھیری میں چند روز پہلے بنی سڑک کیسے اکھڑ رہی ہے۔ لوگوں نے خود ہاتھ سے سڑک اکھاڑ کر اس کی ویڈیو جاری کی ہے۔ اس تعلق سے اب اپوزیشن پارٹی کانگریس نے تو براہ راست حملہ کر دیا ہے کہ ’’بھائی یہ تو بی جے پی کو بدنام کرنے کی سازش لگتی ہے...۔‘‘

اتر پردیش کناگریس نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کر لکھا ہے کہ ’’لکھیم پور کھیری میں ’پردھان منتری سڑک یوجنا‘ کے تحت بن رہی یہ سڑک کئی جنموں تک چلنے کے لیے ہے، لیکن لوگوں کے مضبوط ہاتھوں اور حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش نے اسے کمزور ثابت کیا ہے۔ ویڈیو دیکھیے! مگر اسے بدعنوانی کی مثال مت بتا دیجیے گا...۔‘‘


دوسری طرف سماجوادی پارٹی نے بھی بی جے پی کو اس معاملے میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجوادی پارٹی نے کہا ہے کہ ’’پردیش میں بی جے پی سرکار، کن-کن میں بھرشٹاچار‘‘ (ریاست میں بی جے پی سرکار، ذرہ ذرہ میں بدعنوانی)۔ لکھیم پور کھیری میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت بن رہی سڑک لوگوں کے ہاتھ لگتے ہی اکھڑنے لگی۔ بے حد شرمناک! یہ ہے بی جے پی حکومت میں بنی سڑکوں کی مضبوطی کا حال۔ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرے حکومت۔‘‘

اس سے قبل یوپی کے پیلی بھیت ضلع سے بدعنوانی کی قلعی کھولنے والی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو میں ایک نوجوان سڑک تعمیر میں برتی گئی لاپروائی کو ظاہر کرتا نظر آ رہا ہے۔ بن رہی نئی سڑک کا معیار اتنا خراب ہے کہ نوجوان اسے اپنے ہاتھوں سے اکھاڑ دیتا ہے۔


رپورٹس کے مطابق پورن پور سے بھگونتاپور گاؤں کے درمیان پردھان منتری سڑک یوجنا کے تحت 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جا رہی تھی۔ حالانکہ ویڈیو میں کروڑوں کی لاگت سے بنی سڑک کی قلعی کھلتی دکھائی دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔