کورونا نے لی ایک اور سیاستدان کی جان، بی جے پی کے ممبر پارلیمان نند کمار چوہان کا انتقال

چوہان کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ان کے جسد خاکی کو دوپہر میں ان کے آبائی شہر کھنڈوا لے جایا جائے گا۔ چوہان کھڈوا سے لوک سبھا کے لئے چھٹی بار جیتے تھے۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے کھنڈوا سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نند کمار سنگھ چوہان کا منگل کی صبح گڑگاؤں میں واقع میدنتا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ چوہان 68 سال کے تھے۔ وہ گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے اسپتال میں داخل تھے۔ 11 جنوری کو کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد بھوپال کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ صحت مزید بگڑنے کی وجہ سے انہیں گروگرام کے میدنتا اسپتال لایا گیا تھا۔

چوہان کےخاندانی ذرائع نے بتایا کہ ان کے جسد خاکی کو دوپہر میں ان کے آبائی شہر کھنڈوا لے جایا جائے گا۔ چوہان کھڈوا سے لوک سبھا کے لئے چھٹی بار جیتے تھے۔ وہ 2014 میں مدھیہ پردیش بی جے پی کے صدر بنائے گئے تھے۔


نند کمار سنگھ کھنڈوا کے برہان پور لوک سبھا حلقہ انتخاب سے نمائندگی کرتے تھے۔ وہ نیماڑ کے شاہ پور کے رہائشی تھے اور ان کی پیدائش 8 ستمبر 1952 کو ہوئی تھی۔ نند کمار سنگھ چوہان نے سیاسی سفر کا آغاز 1996 میں کرتے ہوئے شاہپور نگر پریشد کے صدر کے طور پر کیا تھا۔

نند کمار کے انتقال کو مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ذاتی خسارہ قرار دیا ہے۔ شیوراج چوہان نے کہا، کہ ’’ہر دل عزیز لیڈر نندو بھیا ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ بی جے پی نے ایک مثالی کارکن اور پارٹی کے لیے وقف ایک لیڈر کو کھو دیا ہے۔ یہ میرے لیے ایک ذاتی خسارہ ہے۔‘‘


اس سے قبل بھی کئی سیاستدان کورونا کی وجہ سے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ان میں ریلوے کے وزیر مملکت سریش انگڑی بھی شامل ہیں، جن کی کورونا کے سبب موت ہوئی تھی۔ کرناٹک کے بیلگام سے رکن پارلیمنٹ 65 سالہ انگڑی نے ایمس میں آخری سانس لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔