انکتا بھنڈاری قتل واقعہ: ملزم پلکت کا پورا کنبہ لوگوں کا غصہ دیکھ کر دہشت میں، سبھی گھر چھوڑ کر غائب

انکتا بھنڈاری قتل واقعہ میں بنائی گئی ایس آئی ٹی ہریدوار میں بھی ملزم کے کنبہ کے لوگوں سے پوچھ تاچھ کر سکتی ہے، اس کے ساتھ ہی کئی جگہ پر تلاشی بھی کی جا سکتی ہے۔

پلکت آریہ، تصویر سوشل میڈیا
پلکت آریہ، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے رشی کیش میں ایک ریسورٹ کی رسپشنسٹ انکتا بھنڈاری کے قتل کے بعد لوگوں میں پیدا غصے کو دیکھتے ہوئے اہم ملزم اور بی جے پی لیڈر کے بیٹے پلکت آریہ کا پورا کنبہ ہریدوار سے کہیں غائب ہو گیا ہے۔ دراصل ہریدوار میں بھی لوگ لگاتار ان کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں اور ملزمین کی پھانسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انکتا قتل واقعہ میں ریاستی حکومت بھی لگاتار لوگوں سے کہہ رہی ہے کہ اس معاملے میں ذرا بھی نرمی نہیں برتی جائے گی اور جو قصوروار ہوں گے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی، لیکن لوگوں کا غصہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ان سب کے درمیان پلکت آریہ کا پورا کنبہ ہریدوار سے کہیں غائب ہو گیا ہے، جس کے بعد ان کے گھر پر سناٹا پسرا ہوا ہے۔


پلکت کے والد، بھائی اور گھر کے دیگر اراکین گھر میں تالا لگا کر کہیں چلے گئے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک ایس آئی ٹی یا مقامی پولیس ان کے گھر نہیں پہنچی ہے۔ لیکن لوگوں کے احتجاج اور خوف کے درمیان پورا کنبہ کہاں گیا ہے، اس کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پلکت کے گھر والوں کو بار بار یہ لگ رہا تھا کہ ان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ایسے میں پورا کنبہ وقت رہتے علاقہ سے نکل گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ انکتا قتل واقعہ میں بنائی گئی ایس آئی ٹی ہریدوار میں بھی ملزم کے گھر والوں سے پوچھ تاچھ کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی جگہ پر تلاشی بھی کی جا سکتی ہے۔ اس درمیان ایس آئی ٹی نے ہریدوار پولیس سے پلکت آریہ کا کریمنل ریکارڈ مانگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔